لاہور ہائیکورٹ کی وفاقی حکومت کو بجلی کا ضیاع روکنے کیلئے قانون سازی کی ہدایت
لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطاءبندیال نے اڑھائی برس سے زیر سماعت بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواستیں نمٹاتے ہوئے وفاقی حکومت کو بجلی کا ضیاع روکنے کیلئے قانون سازی کی ہدایت کر دی ۔دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی مہنگی ہو گی تو اسکی چوری کو کیسے روکا جا سکتا ہے۔عام آدمی کو سستی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جائیں۔لائف سٹائل میں تبدیلی لاتے ہوئے رات کی تقریبات پر پابندی پر غور کیا جانا چاہیے۔ رات گئے ہونے والی تقریبات کے حوالے سے بھی قانون سازی کر کے بجلی کی بچت کی جا سکتی ہے۔چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کے روبرو بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف متعدد درخواستیں اڑھائی برسوں سے زیر سماعت تھیں ، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے 14روز قبل چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کی تھی اس بناءپر چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے اپنی آئندہ ہفتے کی پیشی فہرست منسوخ کردی ہے اور یوں انہوں نے گزشتہ روز آخری مرتبہ ہائیکورٹ میں عدالتی امور انجام دیئے ۔عدالتی امور نمٹا نے کے آخری روز چیف جسٹس نے ان درخواستوں پروفاقی حکومت کو بجلی کا ضیاع روکنے کیلئے قانون سازی کی ہدایت جاری کیں، جوائنٹ سیکرٹری پانی و بجلی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے منصوبے شروع کر رکھے ہیں جنہیںمقررہ وقت پر مکمل کر لیا جائے گا۔
ہدایت