بگرام جیل سے رہائی پانےوالے3قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقات کرادی گئی
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر بگرام جیل سے رہائی پانے والے10میں سے3قیدیوں کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرادی گئی ۔عدالت نے باقی 7قیدیوں کی بھی انکے اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس خالد محمود خان نے بگرام جیل میں قید بے گناہ پاکستانیوں کی رہائی کے لئے درخواستوں کی سماعت کی، جسٹس پراجیکٹ پاکستان کی طرف سے بیرسٹر سارہ بلال نے عدالت کو بتایا کہ بگرام جیل سے 10پاکستانیوں کو رہا کیا گیا تھا جنہیں وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاپتہ کر دیا، انہوں نے بتایا کہ عدالتی حکم پر پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دو قیدیوں کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرا دی گئی ہے جبکہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے سات قیدیوں کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت تمام قیدیوں کی انکی اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم دے، دلائل سننے کے بعد عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو حکم دیا کہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے 7قیدیوں کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرا کے رپورٹ 19جون تک عدالت میں جمع کرائی جائے۔
ملاقات