سرگودھا، چکوال ، سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک) تین مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 19افراد جاں بحق اور21زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق کوٹ مومن انٹرچینج کے قریب ہونیوالے حادثے میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق پک اپ ٹرالرسے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں دو مرد ، دوخواتین اور ایک بچی دم توڑ گئی جبکہ دو افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا، وین میں سات افراد سوارتھے ۔ دوسرا حادثہ سکھر میں سبزی منڈی کے قریب پیش آیاجہاں ٹرالر بے قابو ہوکر گاڑیوں پر چڑھ دوڑا، مسافر وین میں سوار چار افراد سمیت مجموعی طورپر 10افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیایا کچھ معمولی زخمی اپنی مدد آپ کے تحت روانہ ہوگئے ۔اُدھر چکوال تلہ گنگ روڈ پر دھرابی پل کے قریب مسافر وین اور کار میں تصادم کے نتیجے میں دوخواتین اور دو بچے چل بسے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں مسافر وین کا گیس سلنڈر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اُٹھی ، آتشزدگی سے چارافراد جاں بحق اور 10جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیاجہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔