سعودی عرب میں سینماءگھر کھولنے کیلئے درخواست دائر
جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے ایک سرمایہ کار نے ملک میں سینماگھر کھولنے کی درخواست دائر کردی ہے جس پر بظاہر جنرل کمیشن برائے سمعی وبصری میڈیا نے لائسنس کے حصول کے لیے اس درخواست پر اصولی طور پر کوئی اعتراض نہیں کیا اور سرمایہ کار سے مجوزہ منصوبے کے قابل عمل ہونے کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش طلب کرلی۔عرب میڈیا کے مطابق درخواست بذات خود ایک بہت بڑی پیش رفت ہے کیونکہ سعودی عرب میں جو لوگ سینما گھروں کے قیام کی مخالفت کرتے ہیں،ان کی آوازیں بہت بلند ہیںالبتہ اب سعودی لوگوں کی دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ٹی وی چینلوں تک رسائی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ مطالبہ صرف تفریح کے لیے نہیں بلکہ اس سے معاشی مواقع بھی پیدا ہوں گے،سعودی شہری ہر سال بحرین اور دبئی میں فلمیں دیکھنے پر ایک ارب ڈالرز سے زیادہ سالانہ اڑا دیتے ہیں ۔ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک اُڑائی جانیوالی رقم کو ملکی معیشت کا حصہ بنایا جا سکتا ہے اور اس کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے،سینما تہذیب وثقافت کا نمائندہ ہے،مووی تھیٹر سعودی مملکت کی اقدار کے منافی نہیں ہے۔وزارت اطلاعات اور سعودی شوریٰ کونسل کے ذرائع کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس موضوع پر مثبت یا منفی پیش رفت کے حوالے سے کچھ بھی نہیں سنا ۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں سینما گھر کھولنے کی ممانعت ہے،اگر کمیشن یہ سمجھتا ہے کہ سینما گھروں کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کا مجوزہ منصوبہ قابل عمل ہے تو پھر وہ اعلیٰ حکام سے ملک بھر میں سینما گھروں کھولنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے کہہ سکتا ہے۔