’اپنے بیٹے کیلئے میرے پاس صرف ایک ہی مشورہ ہے‘
نئی دلی (نیوز ڈیسک) بالی وڈ ہیرو رنبیر کپور آج کل اپنے کیرئیر کے مشکل دور سے گزر رہے ہیں لیکن ان کے والد اور ماضی کے مشہور ہیرو رشی کپور نہ صرف بیٹے کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں بلکہ انہوں نے اس کی کامیابی کے لئے ایک بہت اچھا مشورہ بھی دے دیا ہے۔
جریدے DNA کے مطابق رشی کپور کا کہنا ہے کہ رنبیر مببے ویلوٹ سے مایوس ہیں، لیکن کوئی بات نہیں، وہ اس مایوسی پر قابو پا لیں گے۔ یہ ہر اداکار کی زندگی کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم بوبی کے بعد ان کے کیرئر میں بھی مشکل وقت آیا اور زہریلا انسان، زندہ دل، رنگیلا رتن اور راجہ جیسی فلمیں ناکام ہوئیں، لیکن پھر لیلیٰ مجنوں کی صورت میں ان کی کامیابی کا نیا دور شروع ہو گیا۔ رشی کپور نے اپنے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ وہ رنبیر کو بس ایک ہی نصیحت کریں گے، ”کامیابی کو اپنے دماغ پر مت سوار ہونے دو اور ناکامی کو اپنے دل پر لے کر مت بیٹھ جاﺅ، کامیابی تمھاری ہی ہو گی۔“