یو اے ای کے بلے باز خرم خان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
ڈبلن( نیٹ نیوز) متحدہ عرب امارات کے بلے باز خرم خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ خرم نے آئی سی سی انٹرکانٹینینٹل کپ میں آئرلینڈ کے ہاتھوں چار روزہ میچ میں شکست کے فوراً بعد یہ فیصلہ کیا اور یو اے ای بورڈ نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ خرم آئرلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 24 اور دوسری اننگز میں صرف 10 رنز بنا سکے تھے۔ خرم خان ملتان پاکستان میں پیدا ہوئے تھے اور 1999ء میں وہ یو اے ای چلے گئے جہاں پر وہ ایمرٹس ایئر لائنز کے ساتھ بطور فلائٹ پرسر کام کر رہے ہیں۔ دو برس بعد انہوں نے کینیڈا میں آئی سی سی ٹرافی میں ڈیبیو کیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 16 ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کی اور 582 رنز بنائے جس میں ان کی ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔