شام میں حزب اللہ کے 100جنگجو ہلاک ‘ مجموعی تعداد 2000سے تجاوز کر گئی

شام میں حزب اللہ کے 100جنگجو ہلاک ‘ مجموعی تعداد 2000سے تجاوز کر گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 دمشق( آن لائن )شام میں صدر بشارالاسد کی وفاداری میں باغیوں کے خلاف جنگ لڑنے والی لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 100 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد2000 سے تجاوز کر گئی ہے میڈیارپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ایک عبرانی اخبار "یدیعوت احرونوت" نے شامی فوج کے ایک سینیر افسر کے حوالے سے بتایا ہے کہ حالیہ دو ہفتوں میں لبنان اور شام کی سرحد پر واقع القلمون قصبے میں النصرہ فرنٹ اور دوسرے شامی گروپوں کے خلاف لڑائی میں حزب اللہ کے ایک سو جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جسکے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے العربیہ ٹی وی کے مطابق عہدیدار کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی جانب سے بار بار شامی صدر بشارالاسد کی حمایت میں لڑنے کے لیے عوام کو ترغیب دینے کے بیانات دراصل مقتولین کے اہل خانہ کی جانب سے سامنے آنے والے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش ہیں۔ماہرین کا خیال ہے کہ شام میں حزب اللہ اور اس کے حامی جنگجوؤں کو اس وقت اسی حکمت عملی کا سامنا ہے جس کا مظاہرہ حزب اللہ اسرائیلی فوج کے ساتھ مختلف لڑائیوں میں کرچکی ہے۔ شامی اپوزیشن کے گروپ اچانک حملے بند کردیتے ہیں اور پھرکلاسیکی انداز میں دوبارہ کارروائیاں کرکے حزب اللہ کو غیرمعمولی جانی نقصان سے دوچار کرتے ہیں۔اسرائیلی اخبار کے مطابق شامی فوجی افسر کا کہنا ہے کہ عراق اور ایران سے ہزاروں کی تعداد میں جنگجو شام پہنچ رہے ہیں جہاں وہ شامی فوج کے ساتھ مل کر باغیوں کی سرکوبی میں مصروف عمل ہیں۔اسرائیل میں بعض دوسرے ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شام میں کمزور ہوتی اسد رجیم کے نتیجے میں حزب اللہ خود کو سخت دباؤ میں محسوس کررہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حزب اللہ نے شام میں اپنے جنگجوؤں کی تعداد بڑھا کر آٹھ ہزار تک پہنچا دی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -