پرامن فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی آنسو گیس ، دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ، درجنوں زخمی ہوگئے
قلقیلیہ (این این آئی)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں گزشتہ روز فلسطینی شہریوں کے پرامن جلوس پر صہیونی فوج نے آنسو گیس اور دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق مغربی کنارے کے شمالی شہرقلقیلیہ میں کفرقدوم ریلی پراسرائیلی فوجیوں نے اندھا دھند شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8ماہ سے 5سال تک کے 6بچے بھی بری طرح متاثر ہوئے ،اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے پھینکا گیا آنسو گیس کا شیل فلسطینی شہری کی ٹانگ پر لگنے سے اس کی ٹانگ زخمی ہوگئی۔فلسطینی شہری قلقیلیہ میں یہودی کالونیوں کی وجہ سے پچھلے 13 سال سے بند ایک مقامی سڑک کو کھولنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ قابض فوجیوں نے مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور ربڑ کی گولیوں کا بھی استعمال کیا ۔