آرمی چیف کا کشمیر کے حق میں موقف وقت کی آواز ہے،عبدالعلیم خان

آرمی چیف کا کشمیر کے حق میں موقف وقت کی آواز ہے،عبدالعلیم خان

  



لاہور (نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو قومی ترجیحات کا احساس تک نہیں چیف آف آرمی سٹاف کا کشمیر کے حق میں موقف وقت کی آواز ہے اس حوالے سے وزیراعظم کے بیانات نامناسب ہیں بلکہ حکومت کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حالات بدل چکے ہیں اور عمران خان کے دھرنوں کے باعث عوام باشعور ہوچُکے ہیں اوریوتھ ہی ملک و قوم کی آخری امید ہے جو عمران خان کی قیادت میں ملک گیر تبدیلی لائیں گے عمران ٹائیگر فورس کے صدر سیدر اشدریاض کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ دوبرس گزرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ جیسا بنیادی مسئلہ ابھی تک حل طلب ہے اب حکمران عوام کو 2018کا "لالی پاپ "دے رہے ہیں اسی طرح صحت اور تعلیم کے شعبے کے حالات بھی انتہائی خراب ہیں اور سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیکے پر دیا جارہا ہے، جبکہ بجٹ نے رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ نوجوان نسل نے پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے شاندار سیاسی خدمات سرانجام دی ہیں جس کے باعث خیبر سے کراچی تک نوجوانوں کی نئی کھیپ سامنے آئی ہے جس نے پرانے سیاستدانوں کو بے نقاب کردیا ہے انہوں نے عمران ٹائیگر فورس کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور نوجوانوں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔مزید برآں پی ٹی آئی لاہور آفس میں عبدالعلیم خان سے پی پی 148سے ایم پی اے میاں اسلم اقبال اور پی پی 147سے شعیب صدیقی نے ملاقات کی اور این اے 122میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے اب تک کی صورتحال پر بریفینگ دی۔ اجلاس میں الیکشن کمشن کے جانبدارانہ رویے پر تنقیدکی گئی اور اس حوالے سے عدالت سے رجوع کرنے کے آپشن پر غور کیاگیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...