نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کر کے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے،مہناز رفیع

نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کر کے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے،مہناز رفیع

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)اسلام مکمل ضابطۂ حیات ہے دنیا وآخرت میں کامیابی وکامرانی حاصل کرنے کیلئے نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے رمضان المبارک کی برکات کو پوری طرح سمیٹنے کیلئے ابھی سے تیاری شروع کردی جائے روزہ گناہوں اور جہنم کی آگ سے بچنے کی ڈھال ہے۔ نبی کریمؐ نے خواتین کے ساتھ خاص طور پر اچھا برتاؤ کرنے کا حکم دیاان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں استقبال رمضان المبارک کی تقریب کے سلسلے میں منعقدہ ’’محفل میلاد النبیؐ برائے خواتین ‘‘ کے دوران کیا۔اس بابرکت روحانی محفل کاانعقاد نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے شعبۂ خواتین نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شعبۂ خواتین کی کنوینر بیگم مہنازرفیع، سیکرٹری بیگم صفیہ اسحاق، بیگم ثریا کے ایچ خورشید، بیگم بشریٰ رحمن، شائستہ پرویز ملک،ساجدہ افضل تارڑ ، صفیہ اسحاق، نبیرہ عندلیب نعیمی،بیگم تسکین شاہد، صباحت رمضان سیالوی، بیگم حامد رانا،نائلہ عمر ،رخسانہ کوکب ایم پی اے، کنول نسیم،رضیہ اختر، صوفیہ بیدار،فرزانہ کوکب ، پروفیسر حلیمہ سعدیہ رفعت شاہین،زریں انور ،کنول شعیب سمیت مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی خواتین کثیر تعدادمیں موجودتھیں۔نظامت کے فرائض مادر ملتؒ سنٹر کی کنوینر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے انجام دیے۔بیگم مہنازرفیع نے کہا کہ اسلام نے ہمیں زندگی گذارنے کا مکمل طریقہ بتایا ہے جس پر ہمیں عمل کرنا چاہئے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1