اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ،12لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی تاریخ میں توسیع

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ،12لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی تاریخ میں توسیع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آئی این پی) اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) نے نجی بجلی گھروں(آئی پی پیز) کو ایل این جی کی فراہمی پر پی ایس او کیلئے چار فیصد منافع جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور سوئی ناردر گیس کمپنی کیلئے 0.05ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو لاسز وصول کرنے، قطر کے ساتھ گیس کی خریداری کا معاہدہ ہونے تک اینگرو کمپنی کے ایف ایس آر یو کے ذریعے ایل این جی لانے سمیت وزارت پٹرولیم کو سی این ایف کی بنیاد پر پٹرول و فرنس آئل درآمد کرنے ، آئی ڈی پیز کیلئے مزید 85ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی جبکہ 12لاکھ ٹن گندم کی برآمد کی تاریخ میں 31جولائی تک توسیع کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا، جس میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین(آئی ڈی پیز) کیلئے مزید85ہزار میٹرک ٹن گندم وزارت سیفران کو منظوری دی گئی جس کیلئے وزارت خزانہ تین ارب 44کروڑ40لاکھ روپے پاسکو کو ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ وزارت پٹرولیم کو پٹرول و فرنس آئل سی اینڈ ایف بنیادوں پر درآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔ علاوہ ازیں ای سی سی نے وزارت پٹرولیم کو قطر سے ایل این جی کی خریداری کا معاہدہ ہونے تک عارضی بنیادوں پر اینگرو کمپنی کے ایف ایس آر یو کے ذریعے ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دے دی تاہم پورٹ قاسم اتھارٹی اس بارے میں سوسائٹی فار انٹرنیشنل گیس ٹینکرز اینڈ ٹرمینل آپریٹرز کے ضابطہ اخلاق اور اپنے ٹیکنیکل قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کرنے میں مکمل طور پر با اختیار ہو گی۔ علاوہ ازیں آئی پی پیز کو ایل این جی کی فراہمی کیلئے قیمت کے فارمولے کی منظوری دی گئی جس کے تحت پی ایس او کا منافع 4فیصد ہو گا جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور سوئی ناردرن گیس کمپنی ایل این جی کی فراہمی پر 0.05ڈالر ایم ایم بی ٹی یو لاسز وصول کرنے کی مجاز ہوں گی۔ نیز ای سی سی نے 12لاکھ ٹن گندم صوبوں کے ذریعے برآمد کرنے کی آخری تاریخ میں 31جولائی 2015تک توسیع کی اجازت دے دی۔

مزید :

علاقائی -