دہشت گردی کے ہائی پروفائل مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلہ

دہشت گردی کے ہائی پروفائل مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں بے نظیر بھٹوقتل کیس سمیت دہشت گردی کے ہائی پروفائل مقدمات کی روزانہ کی بنیادوں پر سماعت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے جبکہ تفتیشی نظام کو بہتر بنانے کے لئے تفتیشی افسران کو خصوصی کورسز کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ یہ فیصلے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کئے گئے ،جس میں پنجاب کی 14 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز کے علاوہ صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسران ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب، ڈی جی فرانزک اور انویسٹی گیشن کے اعلی ٰافسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں خصوصی عدالتوں کے ججوں کو معیاری فیصلے بھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی جیل خانہ جات کو جیلوں میں موبائیل فونز کے استعمال پر کی جانے والی کاروائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں پولیس حکام کو ججوں اور گواہان کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججزنے کم عمر قیدیوں اوردہشت گردی کے مقدمات کے حوالے سے عدالتی کارکردگی رپورٹ پیش کی،جسٹس محمود مقبول باجوہ نے پولیس کی ناقص تفتیش ،بروقت چالان مکمل نہ کرنے اور گواہوں کو شہادتوں کے لئے عدالت میں پیش نہ کرنے پر پولیس افسران کو تنبہیہ کی ،جسٹس محمود مقبول باجوہ نے کہا کہ عدالتی پالیسی کے مطابق مقدمات کو بروقت نمٹانے کے لئے چالان جلد مکمل کئے جائیں اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید :

علاقائی -