رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کے قاتل سزا سے نہیں بچ پائیں گے ،شہباز شریف

رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کے قاتل سزا سے نہیں بچ پائیں گے ،شہباز شریف

  



 لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کامونکی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رانا شمشاد احمد خان کی رہائش گاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے ایم پی اے رانا شمشاد احمد خان اور ان کے بیٹے کے قتل کے افسوسناک واقعہ پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے ایم پی اے رانا شمشاد احمد خان اور ان کے بیٹے کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر رانا شمشاد احمد خان اور ان کے بیٹے کے قتل کے واقعہ پر دلی رنج ہوا ہے۔ رانا شمشاد احمد خان اور ان کے بیٹے کے قتل کے ملزم سخت ترین سزا سے نہیں بچ پائیں گے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ پارٹی اور علاقے کیلئے رانا شمشاد احمد خان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ کو کیس پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس مقدمے کا ایک ملزم گرفتار کیا جا چکا ہے جس پر وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ باقی ملزمان کو بھی جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اور قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاک سوزوکی کے مینجنگ ڈائریکٹر ہیرو فومی ناگاؤ نے ملاقات کی۔ وزیراعلی شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انڈسٹری کی ترقی و فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب میں ’’ اپنا روزگار سکیم‘‘ کے تحت نوجوانوں کو میرٹ پر گاڑیاں دی جا رہی ہیں۔ 31 ارب روپے کی لاگت سے نوجوانوں میں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 50 ہزار گاڑیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپنا روزگار سکیم‘‘ نوجوانو ں کو بااختیار بنانے کے انقلابی وژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک تاریخی اقدام ہے اور اس سکیم کے تحت گاڑیوں کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے۔نوجوانوں میں گاڑیاں تقسیم کرنے کی سکیم میں پاک سوزوکی کا تعاون قابل ستائش ہے۔ ’’اپنا روزگار سکیم‘‘ میں کامیاب بات چیت کرکے قوم کے اڑھائی ارب روپے بچائے گئے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ ملک میں گاڑیوں کی تیاری سے انڈسٹری کو فروغ اور نوجوانوں کو روزگار مل رہا ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر پاک سوزوکی ہیرو فومی ناگاؤ نے راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی اور انہیں مقامی طور پر تیار کی جانے والی 250 سی سی موٹر بائیک کی چابی بھی پیش کی۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان، ایم پی اے شیخ علاؤالدین، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور پاک سوزوکی کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے سربراہ سانگ تائی جی (Mr. Song Taiji )نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں صنعتی ، تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے۔حکومت بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ توانائی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیاجا رہاہے۔کوئلے ، پانی ، ہوا، سولر،گیس اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا ابتدائی ڈیزائن تیار کر لیا گیاہے ۔کراچی سے کوئلے کی ٹرانسپوٹیشن کے لئے ریلویز کے ساتھ معاہدہ طے پا چکاہے۔ساہیوال میں 660میگا واٹ کے 2کول پاور پراجیکٹس لگائے جا رہے ہیں ۔منصوبے سے مجموعی طو رپر 1320میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ منصوبے پر تیز رفتاری اوراعلیٰ معیار کو یقینی بناتے ہوئے شفافیت کے ساتھ عملدر آمد کیا جائے گا۔قومی اہمیت کا حامل یہ منصوبہ 2017 میں مکمل ہوگا ۔پنجاب حکومت اپنے وسائل سے200 پاکستانی انجینئرز کو چین میں تھرمل انجینئرنگ کی تربیت دلائے گی۔پاکستانی انجینئرز کی چین میں تربیت کے حوالے سے 7روز کے اندر جامع پروگرام مرتب کر کے پیش کیاجائے۔ انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور میں تھرمل انجینئرنگ کے شعبے کے قیام کا جائزہ بھی لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ چینی کمپنی کی جانب سے تھرمل انجینئرنگ کے شعبے میں پاکستانی نوجوانوں کو چین میں تربیت دلانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا۔جلد سائیٹ کا دورہ بھی کروں گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، کمشنر ساہیوال ڈویژن، چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی ، متعلقہ حکام اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول