وزیر اعظم کا میانمر میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر اظہار تشویش

وزیر اعظم کا میانمر میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر اظہار تشویش

  



 اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیراعظم نواز شریف نے میانمر اور روہنگیا کے مسلمانوں کی نسل کشی سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لینے اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز کیلئے کابینہ کی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز اور خارجہ امور کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں اور کمیٹی کا اجلاس ( آج) اتوا رکو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری روہینگیا کے مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ، اقوام متحدہ ، او آئی سی اور عالمی تنظیموں کو اپنی آنکھیں بند کرنے کی بجائے نسل کشی اور قتل عام کو رکوانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا، مسلمانوں کی نسل کشی کی کوششوں سے دہشتگردی کے خلاف جاری کوششوں پر بھی منفی اثرات پڑیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک عمل اور مجرمانہ غفلت ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے روہنگیا میں مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام پر خاموشی اختیار کررکھی ہے جس نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے ۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں بعض ایسی باتوں کو تو اچھالتی ہیں جن کے حقائق مختلف ہوتے ہیں تاہم مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی تنظیموں کی خاموشی نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اقوام متحدہ ، او آئی سی اور دیگر عالمی تنظیموں اور علاقائی قوتوں کو چاہیے کہ وہ اپنی آنکھیں بند نہ کریں بلکہ مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے میدان عمل میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سوائے چند مسلم ممالک کے دیگر ممالک اس حوالے سے اپنا کردار ادا نہیں کررہے ۔

مزید : صفحہ اول