عمران خان نے بجٹ پڑھا ہی نہیں یا انہیں سمجھ میں نہیں آیا، پرویز رشید

عمران خان نے بجٹ پڑھا ہی نہیں یا انہیں سمجھ میں نہیں آیا، پرویز رشید

  



اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قورمی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران کے تبصرے سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے بجٹ پڑھا ہی نہیں یا انہیں سمجھ میں نہیں آیا، مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے جبکہ عمران خان نے لاقانونیت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔ ہفتہ کو وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران کے تبصرے سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے بجٹ پڑھا ہی نہیں یا انہیں سمجھ میں نہیں آیا، بجٹ کے بعد قیمتوں، کرایوں اور بلوں میں استحکام ہے اوران کی تنقید بلاجواز ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں ساڑھے 7فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ2ایڈہاک ریلیف بھی ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں ضم کئے گئے ہیں اورمیڈیکل الاؤنس میں 25فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس سے تنخواہ اور پنشن وصول کرنے والوں کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، بجٹ اعلان کے بعد روزمرہ کے اخراجات میں کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے جبکہ عمران خان نے لاقانونیت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے بجٹ میں خیبرپختونخوا کیلئے فراخددلانہ پیکج فراہم کیا ہے جن میں خیبر پختونخواہ میں لگائے جانے والے تمام صنعتی یونٹس کے لئے پانچ سالہ انکم ٹیکس ہالیڈے شامل ہے۔ ایسے یونٹس کو Turnover Taxسے بھی5 سال کے لیے مستثنیٰ قراردیا گیا ہے۔عمران خان اس پیکج سے مستفید ہوں، بھلے ہمارا شکریہ ادا نہ کریں۔بجٹ کے کسی بھی فیصلے سے روزمرہ کی اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ پانچ لاکھ سالانہ آمدنی والوں کا ٹیکس 3 فیصد کم کردیا گیا ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...