16 مطلوب افرادمیں خود کش حملہ آور بھی ہیں،سعودی وزارت داخلہ
جدہ (بیورو چیف) سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نے 16 مطلوب افراد کی جو فہرست جاری کی ہے وہ نہ صرف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں بلکہ ان میں سے ہر ایک ممکنہ طور پر خود کش حملہ آور ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مطلوب افراد مفرور ہیں جن میں سے 3 کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ غیر قانونی طور پر ملک سے باہر چلے گئے ہیں تاہم توقع ہے کہ وہ مملکت میں تخریب کاری کیلئے دراندازی کرسکتے ہیں۔ الوطن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مطلوب افراد کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں قائل کیا گیا ہے کہ وہ مطلوب افراد کی گرفتاری میں ہمارے ساتھ تعاون کریں ہمیں امید ہے کہ مطلوب افراد کو قانون کے حوالے کریں گے بصورت دیگر سیکیورٹی ادارے انہیں بالآخر گرفتار کرلیں گے۔ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل دہشت گرد ہشام، الخفیر کے والد فہد الخفیر نے کہا کہ اس کا بیٹا 10ماہ سے لاپتہ ہے اطلاعات یہ ہیں کہ وہ شام میں داعش کے ساتھ مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست اور اپنے حکمرانوں کے خلاف ہر اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہیں ہم ولی امر کی سمع و اطلاعت کرتے ہیں اور میرا خاندان نہ صرف ہشام کو بلکہ داعش کے ساتھ خود کو ملوث کرنے والے تمام نوجوانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خود کو قانون کے حوالے کرتے ہوئے ان منحرف افکار و نظریات سے توبہ کرلیں۔ دوسری طرف مطلوب افراد کی فہرست مین شامل عبدالحادی القحطان اپنی بہن ندیٰ العمطانی کے ساتھ داعش کے ساتھ مل گئے ہیں وہ دونوں بہن بھائی 2013ء میں داعش کے ساتھ شامل ہونے شام گئے تھے۔ عبدالحادی کی بہن ندیٰ نے ٹویٹر پر کئی مرتبہ اس بات کا اقرار کیا ہے کہ وہ داعش کے ساتھ شامل ہوگئی ہے۔ دونوں بھائی بہنوں کی شام میں متعدد تصویریں انسٹاگرام میں جاری کی گئی ہیں۔