سرگودھا،دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ،دہشتگرد بغلگیر ہوتے ہوئے بارودی جیکٹ پھٹنے سے ہلاک
سرگودھا(بیورو رپورٹ) سرگودھا شہر میں دہشتگردی کا خوفناک منصوبہ ناکام‘ واردات سے قبل ہی دونوں دہشتگرد آخری ملاقات کے لئے بغلگیر ہوتے ہوئے بارودی جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔ خوفناک دھماکے کے باوجود مارکیٹ کے تمام دکاندار معجزانہ طور پر محفوظ رہے‘ واقعہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور پولیس حکام کے علاوہ بم ڈسپوزل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے‘ پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا۔ مرنے والوں کی میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ دونوں مرنے والوں کی عمریں 30 سے 35 سال اور دونوں نے داڑھی رکھی ہوئی ہے۔ یہ واقعہ غوثیہ مارکیٹ نزد ہائی وے پل کے قریب پیش آیا جب دونوں مارے جانے والے آپس میں بغل گیر ہوئے تو ’’آئی ای ڈی‘‘ خود کش مواد پر مشتمل جیکٹ پھٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر مر گئے۔ پولیس نے عبداﷲ نامی شخص کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے جائے وقوعہ سے ایک مزید خود کش جیکٹ بھی گاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔ مبینہ دہشتگرد شہر میں سنگین واقعہ کرنا چاہتے تھے جس سے قبل ہی وہ خود لقمہ اجل بن گئے۔ واقعہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا‘ لوگ مارکیٹیں اور دکانیں بند کر کے بھاگ نکلے‘ مرنے والے ایک شخص کی غلام رسول ملنگ کے نام سے شناخت ہوئی ہے‘ کمشنر کیپٹن (ر) محمد آصف‘ ڈی سی او ثاقب منان‘ ڈی پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن منج‘ ڈی ایس پی سٹی رانا غلام مرتضیٰ پولیس کی بھاری نفری بم سکواڈ اور حساس اداروں کے افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ سراغ رساں کتوں اور دیگر جدید آلات سے علاقے کو سرچ کر کے کلیئرنس دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے واقعہ کی ہنگامی رپورٹ جائے وقوعہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کو دی۔
دہشتگرد بغلگیر