نوجوانوں کے لئے اعلیٰ فنی مہارت کا فروغ

نوجوانوں کے لئے اعلیٰ فنی مہارت کا فروغ

  

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ نوجوانوں میں اعلیٰ فنی مہارت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ نیوٹیک یونیورسٹی،جدید ٹیکنالوجی سکھانے والی پہلی قومی یونیورسٹی ہے۔ جواعلیٰ تعلیم یافتہ انجینئرز اور ماہر ورک فورس تیار کر رہی ہے۔ یہ یونیورسٹی مقامی، اوورسیز کے ساتھ ساتھ سی پیک کی ضروریات کو بھی پورا کرے گی۔ ہماری نوجوان نسل اور صنعتی شعبہ نیوٹیک پروگراموں سے فائدہ اٹھا سکے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان خیالات کا اظہار نیو نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیوٹیک یونیورسٹی وفاقی چارٹرڈ یونیورسٹی ہے جو معیاری انجینئرز تیار کر رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں نوجوانوں کی دلچسپی کو بڑھانے کی موجودہ حالات میں ضرورت بہت بڑھ گئی ہے۔ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کے لئے حکومتی سطح پر قابلِ تحسین کوششیں ہو رہی ہیں۔ نیو نیشنل ٹیک یونیورسٹی کے ذریعے نوجوان نسل کی صلاحیتوں میں غیر معمولی اضافے کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی موجودہ دور کی بنیادی اور اہم ضروریات میں شامل ہے۔ کوئی بھی شعبہ اس کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ آرمی چیف نے درست نشاندہی کی ہے کہ نیونیشنل ٹیک یونیورسٹی صرف مقامی یا اوورسیز مارکیٹ کے لئے ہی جدید ٹیکنالوجی کے حامل افراد مہیا نہیں کرے گی، اس کے ذریعے سی پیک کی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔ سی پیک منصوبوں کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لینا بہت ضروری ہے۔ اس کے لئے یہ ادارہ اہم کردار ادا کریگا۔ وطن عزیز میں ایسے غیر معمولی اہمیت رکھنے والے اداروں کی بہت ضرورت ہے، تاکہ ہماری نوجوان نسل عالمی معیار کے مطابق ترقی کی دوڑ میں آگے نکل سکے۔ اس کے لئے تمام ضروری تقاضوں کو پورا کرنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں خداداد صلاحیتوں کی کمی نہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے۔ ماضی میں نوجوان نسل عدم سرپرستی کی وجہ سے اکثر اوقات مایوسی کا شکار رہی ہے۔ موجودہ حالات میں یہ غلطی اور کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

مزید :

رائے -اداریہ -