پرویز مشرف کا عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ

پرویز مشرف کا عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے ، حتمی تاریخ کا اعلان نااہلی کے خلاف اپیل میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہو گا ، پرویز مشرف آئندہ انتخابات میں چار حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گے ، اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ خلاف آیا تب بھی پرویز مشرف پاکستان آئیں گے اور پارٹی کے لئے انتخابی مہم کی قیادت کریں گے ، اے پی ایم ایل سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت اتحادی جماعتوں کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے گی ، آئندہ ایک دو روز میں ملک بھر سے پارٹی امیدواروں کا حتمی اعلان کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے گزشتہ روز افطار ڈنر سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر محمد امجد نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ پرویز مشرف الیکشن 2018ء میں قومی اسمبلی کے چار حلقوں چترال I ، جھنگ ، گوادر اور کراچی سے الیکشن لڑیں گے۔ الائنس کا کوئی انتخابی نشان نہیں تھا اس لئے یہ طے پایا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ اتحادی جماعتوں کے ساتھ جہاں ضروری ہوا وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی ، تمام اتحادی جماعتیں اپنے اپنے انتخابی نشان کے تحت الیکشن میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو سپریم کورٹ پرویز مشرف کی جانب سے تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل کا فیصلہ سنائے گی ، 3 نومبر کو ایمرجنسی کے نفاذ کی بنیاد پر سید پرویز مشرف کو تاحیات نااہل قرار دیا گیا تھا جبکہ اس مقدمہ کا ابھی فیصلہ نہیں آیا ، توقع ہے سپریم کورٹ ہمارے ساتھ انصاف کرے گی۔ ڈاکٹر محمد امجد نے بتایا کہ پرویز مشرف عید کے فوراً بعد پاکستان آئیں گے اور اسلام آباد میں اتریں گے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔
مشرف

مزید :

صفحہ اول -