پارلیمانی بورڈ کا اجلاس امیدواروں کے انٹرویوز ’’میں اور تم ‘‘ کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں ، شہباز شریف

پارلیمانی بورڈ کا اجلاس امیدواروں کے انٹرویوز ’’میں اور تم ‘‘ کی سیاست ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہواجس میں گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے۔محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مکمل تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور ہماری 5 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کس نے ان کی خدمت کی اور کس نے عوامی مینڈیٹ کو بری طرح نظر انداز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن بنیں گے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزراء خواجہ محمد آصف، رانا تنویر حسین، چوہدری شیر علی، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، خرم دستگیر او رپارلیمانی بورڈ کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ محمد شہبازشریف سے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر ساجد میر نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ترقی یافتہ، خوشحال ،پر امن اور روشن پاکستان ہماری منزل ہے۔ گزشتہ5 برس کے دوران ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ بصیرت سے کئے جانے والے اجتماعی فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کے علمبردار پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہاکہ ’’میں‘‘ اور ’’تم‘‘ کی سیاست کسی طور پر ملک کے مفاد میں نہیں، ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلیں گے تو پاکستان توانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو پاکستان کو مل کر ہی آگے لے کر جانا ہے اور ملک کو مل کر ہی ترقی دینا اور سنوارنا ہے۔ چیئرمین بیت المال پنجاب سلمان منگلا بھی اس موقع پر موجود تھے۔دوسری طرف صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ اپنی بربادی پر نوحہ کناں ہے‘ مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا۔ بدھ کو شہباز شریف سے (ن) لیگ سندھ کے وفد نے ملاقات کی۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام آپ کی ولولہ انگیز قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ (ن) لیگ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہے۔ کراچی سمیت سندھ اپنی بربادی پر نوحہ کناں ہے۔ شہباز شریف سے سینیٹر چوہدری تنویر نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا۔ مخالفین نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے عوام کو دھوکا دیا انتخابات میں سر اٹھا کر عوام کے پاس جائیں گے۔ شہبازشریف سے سینیٹر چوہدری تنویر نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین دور رہا ہے۔ سیاسی مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین نے سندھ اور کے پی کے میں تباہی اور بربادی کی داستانیں رقم کیں جبکہ ہم نے محنت، دیانت، شفافیت اور بچت کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور آج پنجاب کے عوام کو وہ سہولتیں میسر ہیں جو ان کا حق ہیں۔ ہم نے اپنی ذمہ داری کو فرض سمجھ کر ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے ہر موقع پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے عوام کو دھوکہ دیا۔ہم نے عوام کی دن رات خدمت کی اوران کے مسائل کے حل اورانہیں ریلیف کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی،اس لئے ہم انتخابات میں سر اٹھا کر عوام کے پاس جائیں گے۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -