ڈیم تعمیر نہ کر کے اکثر حکمرانون نے ملکی مستقبل کو داؤ پر لگا دیا: سراج الحق

ڈیم تعمیر نہ کر کے اکثر حکمرانون نے ملکی مستقبل کو داؤ پر لگا دیا: سراج الحق

  

لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے ، لوگ تڑپ رہے ہیں ، سحری اور افطاری کے وقت روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑتاہے ، سابقہ حکمران بڑی ڈھٹائی سے کہہ رہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ کے وہ ذمہ دار نہیں ہیں ، عبوری حکومت اس کی ذمہ دار ہے ،ان کی اس بات سے ان کے کھوکھلی ترقی کے دعوے عوام کے سامنے آگئے ہیں، کیا وہ بجلی ساتھ لے گئے ہیں ابھی تو انہیں گئے ہوئے ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا ، ستر سال میں ڈیم نہ بننے کی وجہ سے ملک میں پانی کی قلت کے ساتھ ساتھ توانائی کی بھی شدید کمی واقع ہوگئی ہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑرہاہے ، حکمرانوں کے ذاتی ایجنڈے کی وجہ سے ملک میں دیر پا ترقی کا کوئی منصوبہ نہیں بن سکا ، ایم ایم اے نے اپنا منشور قوم کے سامنے رکھ دیاہے جس میں عام آدمی کی محرومیوں اور پریشانی کو دورکرنے کا ایک واضح روڈ میپ موجود ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں دو لاکھ پچاس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے جس کی باقاعدہ فزیبلٹی رپورٹیں موجود ہیں ۔ حکمرانوں نے محض کمیشن خوری کے لیے بجلی کی پیداوار کا انحصار تیل اور گیس پر رکھا ۔ ایم ایم اے توانائی کے بحران کو ختم کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کرے گی اور اس مقصد کے لیے قومی اتفاق رائے سے نئے ڈیم تعمیر کیے جائیں گے ۔ متحدہ مجلس عمل غریب عوام کے لیے ترقی کے دروازے کھولے گی ۔ ہم اہل اور دیانتدار لوگوں کو ٹکٹ دے رہے ہیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -