اسلامی نظام کے بغیرعوامی مسائل کا حل ممکن نہیں ،عبیدالرحمن
ٹیکسلا ( نمائندہ پاکستان ) اسلامی نظام کے بغیرعوامی مسائل کا حل ممکن نہیں ،نظام کی تبدیلی کے لئے ضروری ہے کہ عوام جمہوریت کے لبادے میں لپٹے ہوئے آمروں کی پہچان کریں ،آئندہ انتخابات میں ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر نہ کیا گیا تو عوام خود ذمہ دار ہوں گے ان خیالات کا اظہار راہنما جماعت اسلامی و وائس چیئرمین یوسی عثمان کھٹڑ عبیدالرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا عبید الرحمن نے کہا کہ مذہبی قوتوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا خوش آئندہیں اس سے عوام کو صالح قیادت کے انتخاب کا موقع ملے گا اب یہ عوام پر ہے کہ وہ اپنے لئے کون ساراستہ چنتے ہیں ووٹ کی پرچی سے عوام نے اپنا مستقبل بنانا ہے اور بہتر مستقبل کے لئے ضروری ہے کہ لوگ ووٹ کا استعمال درست طریقے سے کریں اور باصلاحیت ،ایماندار اور صلاح قیادت کا انتخاب کریں تاکہ اس ملک کو اندھیروں سے نکالا جا سکے اگراب بھی بھول کی گئی تو یہی فرسودہ نظام اس قوم کی تباہی کا سبب رہے گا اور عوام غربت ،مہنگائی کا شکار رہیں گے عبیدا لرحمن نے شہر میں ہونے والی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے لئے بھی یہ ایک چیلنج ہے سابقہ حکومت اب نگران حکومت کو مورد الزام ٹھرا کر خود کو بری الذمہ قرار دے رہی ہے نگران حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس چیلنج کا سامنا کرے اور عوام کو اس پریشانی سے فوری نجات دلائی جائے