نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری کون ہیں؟وہ باتیں جو شاید آپ کو معلوم نہیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری کو پنجاب کا نگراں وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے، وہ ایک تعلیمی ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ دفاعی تجزیہ کار بھی ہیں، وہ ایک نامور پروفیسر اور مستند کالم نگار ہیں۔
ڈاکٹر حسن عسکری نے 1980 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پی ایچ ڈی کیا، جہاں انہیں فل برائٹ اسکالر شپ دی گئی۔ وہ امریکہ کی اسی یونیورسٹی میں پروفیسر بھی رہے جس کے بعد پاکستان واپس آگئے۔ پروفیسر حسن عسکری پنجاب یونیورسٹی میں پولیٹکل سائنس کے پروفیسر رہ چکے ہیں اور تعلیم اور ریسرچ کے شعبے میں اہم تجربہ رکھتے ہیں۔انہیں جنوبی ایشیا، خارجہ پالیسی اور سیکیورٹی امور پر خصوصی دسترس حاصل ہے۔
پروفیسر حسن عسکری نے پاکستان میں جمہوریت اور سیاست پر کئی کتب لکھی ہیں، ان کی اکثر تصانیف کا موضوع سول ملٹری تعلقات رہا ہے۔ انہیں ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے بھی اتھارٹی سمجھا جاتا ہے، پروفیسر حسن عسکری اخبارات اور جرائد میں آرٹیکل بھی لکھتے رہے ہیں۔23 مارچ 2010 کو صدر پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔