حیدر عباس رضوی چند گھنٹے پاکستان میں قیام کے بعد دبئی چلے گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماءحیدر عباس رضوی کینیڈا سے اچانک واپس آنے کے بعد کچھ دیر پاکستان رہے اور پھر دبئی روانہ ہو گئے ۔
ترجمان ایم کیوایم پاکستان فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ حیدر عباس والدہ کی ناساز طبیعت کے باعث وطن واپس آئے، انہوں نے کل رات والدہ کی عیادت کی اور عیادت کے بعد وہ واپس دبئی روانہ ہوگئے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ رات پریس کانفرنس خالد مقبول صدیقی نے کرنا تھی، حیدر عباس رضوی نے نہیں۔
بتا یا جا رہا ہے کہ حیدر عباس رضوی کو سیاسی طور پر سرگرم ہونے کی اجازت نہیں ملی جبکہ حیدر عباس رضوی کو این اے 243 سے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑانے کا فیصلہ ہوا تھا۔ کاغذات نامزدگی میں دہری شہریت کا کالم نہ ہونے کا فائدہ اٹھانے کا سوچا گیا تھا جبکہ دہری شہریت سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کا فیصلہ حیدر عباس رضوی کی آمد کے بعد آیا تاہم ان کی گرفتاری کا خدشہ پیدا ہوجانے پر انہیں واپس جانا پڑا۔
واضح رہے کہ حید رعباس رضوی گزشتہ رات کینیڈا سے واپس کراچی آئے اور ایئرپورٹ سے سیدھے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچے جبکہ ان کی آمد پر بعض حلقوں سے اعتراض بھی سامنے آیا تھا۔