پروفیسر آغا شبیر علی پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال کے نئے پرنسپل تعینات

پروفیسر آغا شبیر علی پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ...
پروفیسر آغا شبیر علی پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال کے نئے پرنسپل تعینات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(آئی این پی) پنجاب حکومت نے پروفیسر آغاشبیر علی کو پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ،امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کا نیا پرنسپل تعینات کر دیا ہے اور پروفیسر رضوان مسعود بٹ کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے،اس سلسلہ میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہو چکے ہیں جبکہ انہوں نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال کر اپنے فرائض ادا کرنے شروع کر دئیے ہیں۔

نئے تعینات ہونے والے پرنسپل آغا شبیر علی نے انتظامی ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ ،ڈسپلن اور مریضوں کی بہتر سے بہتر نگہداشت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر شعبے میں سروسز کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدہ مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو تمام امور کی نگرانی کریں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں ،سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور زیادہ سے زیادہ بہتر نتائج دینے کی کوشش کریں گے،پروفیسر آغا شبیر علی نے کہا کہ حکومت نے انہیں جو ذمہ داریاں سونپی ہیں وہ ان سے صحیح معنوں میں عہدہ برآ ہونے کی کوشش کریں گے۔ لاہور جنرل ہسپتال ، پی جی ایم آئی و امیرالدین میڈیکل کالج اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے عوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کو دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان مسعود بٹ نے بھی اپنے ادارے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایک صوبے کا نہیں پورے ملک کا شفا خانہ ہے اور اس علاج گاہ میں مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے ڈاکٹروں ،نرسزاور پیرا میڈیکل سٹاف کی مشکلات دور کرنے اور ان کے تعاون سے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔