مستقبل کا علم نہیں،فی الحال سیاست نہیں کرونگا:شاہد آفریدی

مستقبل کا علم نہیں،فی الحال سیاست نہیں کرونگا:شاہد آفریدی

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ 25 سال سے اللہ پاک نے جوعزت دی وہ کم لوگوں کو ملی،سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں،کل کیاہوگایہ اللہ بہتر جانتا ہے، میری انسانی خدمات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع پر سٹار کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ لوگوں کی خدمت کا سفر گزشتہ 3 ماہ سے جاری ہے تاہم میری انسانی خدمات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، میں غریبوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ سب سے زیادہ غربت بلوچستان میں دیکھی ہے،بلوچستان کیلئے بلوچ بھائیوں کی بہت قربانیاں ہیں، بلوچستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ بھی موجود ہے، کرکٹ کے حوالے سے بھی بلوچستان کے لیے حاضر ہوں، یہاں سے جو ٹیلنٹ نکلے گا انہیں اپنے ساتھ کراچی لے کر جاؤں گا، کرکٹ کے ساتھ بچوں کی تعلیم بھی مکمل کرواؤں گا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ 25 سال سے اللہ پاک نے جوعزت دی وہ کم لوگوں کو ملی،سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں،کل کیاہوگایہ اللہ بہتر جانتا ہے۔یاد رہے کہ شاہد آفریدی خود بار بار اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ وہ سیاست میں نہیں آنا چاہتے۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ وہ حلفیہ طور پر کہہ سکتے ہیں کہ ان کا سیاست کی طرف کوئی رجحان نہیں ہے جبکہ اس سے قبل بھی یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ وہ شائد سیاست میں قدم رکھ دیں گے مگر ایک مرتبہ دوبارہ شاہد آفریدی نے اس بات کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں یاد رہے کہ سابق کپتان کو کئی مرتبہ سیاست میں آنے کی دعوت بھی مل چکی ہے مگر انہوں نے ہمیشہ انکار کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -