شوگر سکینڈل میں ملوث تمام افراد جیل جائیں گے:شیخ رشید،ریلوے کے کرنٹ بکنگ دفاتر کھولنے کا اعلان

  شوگر سکینڈل میں ملوث تمام افراد جیل جائیں گے:شیخ رشید،ریلوے کے کرنٹ بکنگ ...

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،لیڈی رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ شوگر سکینڈل میں ملوث تمام افراد جیل جائیں گے، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس میں 6نمبر کا ریگ مال ضرور مارا گیا، عمران خان کو مفاہمتی کردار وں سے کوئی دلچسپی نہیں۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا شہباز شریف اپنے گھر کے پیچھے والے کمرے میں چھپے تھے، کہا تھا عید کے بعد ٹارزن کی واپسی ہوگی، ملک میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں دکھ رہا، اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا میڈیا کھیلنے کے سوا کوئی کام نہیں، سٹیل ملز میں حکومت وہی کریگی جو سپریم کورٹ فیصلہ کریگی، ملک غریب کیلئے بنا اور مستفید چور ہوئے۔شیخ رشید کا کہنا تھا باہر زندگی گزارنا مشکل کام ہے یہ ویسے ہی تصویروں میں واک، چائے نظر آتی ہے، حقیقت میں تو ان کے رنگ پسٹن خراب ہوچکے، انجن دھواں دے رہا ہے، تصویر پر نہ جائیں، نواز شریف سے کوئی پوچھے ان پر کیا گزر رہی ہے، کیسز کے انبار لگے ہوئے ہیں یہ خاندان چینی میں بھی نہیں بچے گا، ذخیرہ اندوز مافیا پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کا انتظار کر رہا ہے۔شیخ رشید نے ریلوے کے تمام کرنٹ بکنگ دفاتر کھولنے اورفریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں 10فیصد کمی اور آن لائن بکنگ پر 5فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہہمارا فریٹ اس وقت بہت کم ہے اور باہر سے فریٹ کے حوالے سے کوئی مال نہیں آرہا جبکہ پاکستان ریلوے نے 30 دن کیلئے تیل ذخیرہ کرلیاہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے اپنے ٹرین آپریشن میں مزید 10 ٹرینوں کا اضافہ کرناچاہتاتھالیکن کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش ِ نظر اس کو ایک ماہ کیلئے ملتوی کردیا۔ اب تک ریلوے نے جو 40ٹرینیں چلائیں ہیں اُن میں سے ہر ٹرین کے ساتھ ایک کوچ کا اضافہ کررہے ہیں اس طرح ہر ٹرین 17کوچز پر مشتمل ہوگی۔ اس کے علاوہ مسافروں کی سہولت کیلئے ٹرینوں کو مزید سٹاپ دینے کا فیصلہ کیاہے اور عوام کی سہولت کیلئے تمام ٹرینوں کے ٹائم ٹیبل پر نظر ثانی کرنے کابھی فیصلہ کیاہے تاکہ ہر آدمی کو صبح اور شام کے وقت سفرکرنے لیے ٹرین کی سہولت میسر ہو اور یہ پاکستان ریلوے کی ایک تاریخ ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ریکوری کے عمل کو تیز کریں تاکہ آمدن کو بڑھایا جائے اور کسی سٹیشن پر کورونا کے حوالے سے ایس اوپیز کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کو ہرروز ایک کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔

شیخ رشید احمد

مزید :

صفحہ آخر -