کورونا مریضوں کے علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں:عثمان بزدار

کورونا مریضوں کے علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں:عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبے میں ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹائم شیڈولنگ نظام کا افتتاح پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی سے عوام کو آسانی ہوگی،کورونا کے باعث ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز بند ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے لہٰذاآن لائن ٹائم شیڈول کے ذریعے شہری گھر بیٹھے لاہور کے 18 ڈرائیونگ سینٹرز میں لائسنس کے حصول کیلئے وقت اور تاریخ حاصل کرسکیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو جرمانوں کی آن لائن ادائیگی اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کے اجراء پر مبارکباد دیتا ہوں،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے سٹی ٹریفک پولیس نے جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کا سسٹم متعارف کراکے سبقت حاصل کر لی،پنجا ب حکومت شہریوں کو سہولتیں دینے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کے نظام کو پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کا دائرہ کار بھی دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ ریونیو وصولی میں مزید شفافیت آئے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ٹریفک نظام میں بہتری لانے کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے پر ٹریفک وارڈنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ بعدازاں ایوان وزیراعلیٰ میں اعلی سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کاروبار کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے لہٰذاایس او پیز کی خلاف ورزی پر بزنس ہاؤسز کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتے ہیں جبکہ ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے روزنامہ ”خبریں“ لاہور کے چیف نیوز ایجنٹ حاجی رفیق مغل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اینکرپرسن ماریہ میمن کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ماں جیسی انمول نعمت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -