پنجاب میں آٹے کا 20کلو کا تھیلہ مزید 50روپے مہنگا،1ہزار کا ہوگیا

پنجاب میں آٹے کا 20کلو کا تھیلہ مزید 50روپے مہنگا،1ہزار کا ہوگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون نے آٹے کی قیمت میں مزید ازخود اضافہ کر دیا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب نے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ازخود 50 روپے مہنگا کر دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 20 کلو کا تھیلا 1000 روپے سے زائد میں فروخت ہونے لگا۔گزشتہ 10 روز میں آٹے کی قیمت میں دوسری مرتبہ اضافہ ہوا ہے۔10 روز قبل آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 805 روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ محکمہ خوراک پنجاب کی ناقص پالیسیوں کے باعث ہواہے۔ مہنگی گندم خرید کر سستے داموں آٹا فروخت نہیں کر سکتے۔ اگر حکومت نے آٹے کی قیمتوں میں کمی کروانی ہے تو گندم کا کوٹہ فراہم کیا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کی 29 تاریخ کو پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں از خود اضافہ کر تے ہوئے 20 کلو آٹے کا تھیلا 120 روپے مہنگا کر دیا تھا۔حکومت میں پالیسی اور کنٹرول نام کی کوئی چیز نہ ہونے کے باعث ملک بھر میں مہنگائی تھمنے کا نام نہیں لے رہی، بڑھتی ہوئی مہنگائی میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں از خود اضافہ کر دیا ہے۔ چیئرمین پنجاب فلورملزایسوسی ایشن عبدالرؤف مختارنے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 1600 روپے سے بڑھ گئی ہے۔ زائدنرخوں پرگندم خریدکرسرکاری نرخوں پرآٹے کی فراہمی ممکن نہیں۔ گندم کی نئی فصل کی نقل وحمل پر پابندی کے باعث صورتحال خراب ہوئی، ملز کے سٹاک کو سرکاری تحویل میں لیے جانے سے آٹے کی صورتحال خراب ہوئی، اس وقت فلورملزکے پاس 72 گھنٹوں کیلئے گندم کا سٹاک موجود نہیں۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے آٹے کی قیمت میں از خود اضافے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں سے متعلق فلور ملز کا بیان یکطرفہ ہے، حکومت اسے تسلیم نہیں کرتی۔ مختلف اضلاع میں گندم کی قیمتوں میں فرق ہے، ایک جیسا ریٹ نہیں ہو سکتا۔جہاں گندم سستی ہو گی وہاں آٹے کے نرخ بھی کم ہوں گے۔ نئے نرخوں کے تعین کے لیے فلور ملز ایسوسی ایشن سے کل محکمانہ اجلاس ہو گا۔ ریٹ وہی ہو گا جو انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی مشاورت سے طے ہو گا۔عبد العلیم خان نے کہا کہ امید ہے کہ مل اونرز عوام کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے تعاون کریں گے۔ اگر فلور ملز ایسوسی ایشن نے تعاون نہ کیا تو پھر حکومت اپنا طریقہ کار خود طے کرے گی۔ گندم اور آٹے کی عوام کو وافر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، قلت نہیں ہو سکتی۔یاد رہے کہ لاہور میں نان بائی ایوسی ایشن نے بھی 10 جون سے روٹی 10 اور نان 15 روپے کرنے کا اعلان کردیاہے۔نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق نان کی نئی قیمت 15 روپے جب کہ روٹی کی قیمت 10 روپے ہوگی۔
آٹا مہنگا

مزید :

صفحہ اول -