وزیر اعظم نے علامہ اقبالؒ سے غلط طور پر منسوب نظم پر وضاحت کردی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے علامہ اقبال سے غلط طور پر منسوب نظم ٹوئٹ کرنے پر وضاحت کردی ہے۔ٹوئٹر پراپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ میں تصحیح کرتا ہوں یہ نظم اقبال کی نہیں ہے تاہم اس میں اس نظم کے پیغام پر عمل کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور اگر ہمارے نوجوان اس پیغام پر عمل کریں گے تو ان کی خداداد صلاحیتیں سامنے آئیں گی۔اس سے قبل وزیر اعظم نے قومی شاعر علامہ اقبال سے غلط طور پر منسوب ایک نظم ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”اقبال کی یہ نظم میری زندگی کی جدوجہد کی عکاس ہے،نوجوانوں کو میری تلقین ہے کہ وہ اس نظم کو سمجھیں، اپنائیں اور یقین کر لیں کہ اس سے ان خداداد صلاحیتوں میں خوب نکھار آئے گا جو بطور اشرف المخلوقات رب کریم نے ہم سب کو عطا کر رکھی ہیں۔“ٹوئٹر کے کئی صارفین نے وزیر اعظم کی جانب سے قومی شاعر علامہ اقبال سے غلط طور پر منسوب نظم شیئر کرنے پر تصحیح اور تنقید پر مبنی تبصرے کیے۔ اس سے قبل وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں نظم شیئر کی جس کے کلمات اس طرح ہیں۔”کوئی عروج دے نہ زوال دے، مجھے صرف اتنا کمال دے، مجھے اپنی رہ میں ڈال دے، کہ زمانہ میری مثال دے“۔
وزیر اعظم