اقوام متحدہ کو آگاہ کردیا،بھارت دانستہ خطے کا امن تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے:شاہ محمود

  اقوام متحدہ کو آگاہ کردیا،بھارت دانستہ خطے کا امن تہہ و بالا کرنا چاہتا ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرونا وبائی صورت حال کے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ڈیٹ ریلیف تجویز کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے، کرونا وبا کے بعد مظلوم کشمیری دوہرا لاک ڈاؤن بھگت رہے ہیں، بھارت کی جانب سے لاین آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،ہندوستان دانستہ طور پر خطے کا امن و امان تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے، عالمی برادری کو ہندوستان کے اس جارحانہ رویے کا فوری نوٹس لینا چاہئے، ہم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکورٹی کونسل کو بذریعہ خط ہندوستان کے ان عزائم سے آگاہ کر دیا ہے۔ ہفتہ کو وزارتِ خارجہ میں مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا مشاورتی اجلاس ہواجس میں کرونا وبا کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات، مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے، آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کا قدم،اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ ہم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکورٹی کونسل کو بذریعہ خط ہندوستان کے ان عزائم سے آگاہ کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کو، صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے،اپنے حالیہ خط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔ دوران اجلاس، افغان امن عمل،خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت اہم خارجہ پالیسی امور پر مشاورت کی گئی۔ وزیر خارجہ نے خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کی گراں قدر تجاویز پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -