جوبیڈن کو ڈیموکریٹک صدارتی نامزدگی کیلئے مطلوبہ مندوبین کی حمایت حاصل

  جوبیڈن کو ڈیموکریٹک صدارتی نامزدگی کیلئے مطلوبہ مندوبین کی حمایت حاصل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) ڈیموکریٹک پارٹی کے میدان میں رہنے والے واحد بڑے امیدوار سابق نائب صدر جوبیڈن کو صدارتی نا مز دگی کیلئے مطلوبہ مندوبین کی حمایت ہونے پر ان کی باقاعدہ رسمی نامزدگی یقینی ہوگئی، تاہم اس سلسلے میں حتمی اعلان امریکی ریاست وسکولینن کے شہر ملواکی میں 17اگست کو شروع ہونیوالے پارٹی کے چار روزہ کنونشن میں ہوگا۔ اس وقت ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات ہو رہے ہیں جن کے ذریعے قومی کنونشن میں شریک ہوکر صدارت اور نائب صدارت کے پارٹی امیدواروں کے چناؤ کیلئے کل 3979 مندوبین کا انتخا ب ہو رہا ہے۔ نامزدگی کے حصول کیلئے کم از کم 1991مندوبین درکار ہیں جبکہ اس وقت تک جوبیڈن کے حامی دوہزار مندوب پہلے ہی منتخب ہو چکے ہیں، قومی کنونشن پہلے شیڈول کے مطابق 13 جولائی کو شروع ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وباء کے باعث انہیں 17اگست تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ وباء کی وجہ سے اس کنونشن میں مندوبین خود آکر ووٹ نہیں ڈالیں گے بلکہ وہ آن لائن شرکت کرکے اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ جوبیڈن کو پارٹی کے اندر چیلنج کرنیوالے سب سے بڑا امیدوار سینئر سینیٹر برنی سینڈرس نے جو شروع میں سرفہرست جا رہے تھے حمایت کم ہونے کی وجہ سے اپریل میں دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔ ابھی مزید آٹھ ریاستوں اورتین امریکی علاقوں میں پرائمری انتخابات کے نتائج کا انتظار ہے جس کے بعد جوبیڈن کے حامی مندوبین کی تعداد دوہزار سے کافی آگے بڑھ جائے گی۔ اگرچہ برنی سینڈرس اب دوڑ میں شامل نہیں لیکن ان کے حامی مندوبین کی اس وقت تعداد 1044 ہے چونکہ سینڈرس نے جوبیڈن کی توثیق کردی ہے اسلئے ان کے کہنے پر یہ ووٹ بھی جوبیڈن کو پڑ سکتے ہیں اس طرح اگست کے کنونشن میں جب جوبیڈن کی اپنی ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے باقاعدہ نامزدگی ہو جائے گی تو سرکاری طور پر واضح ہو جائے گا کہ نومبر کے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر ٹرمپ اور جوبیڈن کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
جو بائیڈن

مزید :

صفحہ اول -