وزیراعظم نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس کل (پیر کو) طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ مالی سال 2020-21کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اراکین کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ ، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور متعلقہ وزراء اجلاس میں شرکت کرینگے۔ اجلاس میں سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کے تجویز کئے گئے ترقیاتی فریم ورک اور میکرواکنامک اعشاریوں کی منظوری دی جائیگی اس کے ساتھ ساتھ وفاق اور صوبوں کیلئے ترقیاتی پروگرام کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 1500ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا جس میں 9سو ارب سے زائد صوبوں کو ملیں گے اور وفاقی ترقیاتی بجٹ کیلئے 6سو ارب روپے سے زائد مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔ آئندہ مالی سال کیلئے جی ڈی پی کا ہدف 2.3فیصد تجویز کیا گیاہے اس حوالے سے بھی قومی اقتصادی کونسل سے منظوری حاصل کی جائیگی ساتھ ہی ساتھ رواں مالی سال کے اقتصادی سروے کی منظوری بھی لی جائیگی اور جو مختلف اہداف حاصل نہیں ہوسکے اس حوالے سے بھی قومی اقتصادی کونسل کو آگاہ کیا جائیگا ۔
قومی اقتصادی کونسل