چینی بحران کے ذمے داروں پر مقدمات چلانے کی منظوری کےلئے آج اجلاس طلب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ ہورہا ہے ا ور شوگر انکوائری رپورٹ میں ذمے دار قرار دیئے جانے والوں کے خلاف کارروائی کےلئے وزیراعظم عمران خان نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ اجلاس میں بحران کا ذمہ دار قرار دیئے گئے افراد کے خلاف مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ ہوگا اور اجلاس میں معاون خصوصی احتساب مرزا شہزاد اکبر چینی بحران کے ذمہ داران کےخلاف کارروائی کےلئے سفارشات پیش کریں گے۔ شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں جن افراد کو بحران کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، ان کے خلاف فوجداری مقدمات نیب اور ایف آئی اے کو بھجوائے جانے کا امکان ہے ، جس کی حتمی منظوری آج وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت کی جانب سے چینی بحران پر ایف آئی اے کے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ عام کردی گئی ہے علاوہ ازیں رپورٹ کا فرانزک آڈٹ بھی کیا جاچکا ہے۔ اس رپورٹ میں حکومتی پارٹی اور اپوزیشن پارٹی کے رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کو بحران کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔