ڈی جی خان کی نجی اکیڈمیوں نےحکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے،سینکڑوں طلبا کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں

ڈی جی خان کی نجی اکیڈمیوں نےحکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے،سینکڑوں طلبا کی ...
 ڈی جی خان کی نجی اکیڈمیوں نےحکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے،سینکڑوں طلبا کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈی جی خان(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک بھر میں دن بدن کورونا مریضوں کی تعداد میں خطرناک اضافہ ہو رہا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے آبائی ضلع میں مختلف پرایئویٹ اکیڈیموں نے حکومتی ایس او پیز کی دھجیاں اڑاتے ہوئےسینکڑوں طلبا کی زندگیاں داؤ پرلگادی ہیں،حکومتی بندش اورانتظامیہ کی ہدایات کےباوجود نجی اکیڈمیوں نےاحتیاطی تدابیراختیارکئےبغیرطلبا کو پڑھانا شروع کردیا ہے ،طلبا کےرش اور کورونا کےپھیلاؤ کی خبروں کےبعد والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اُنہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم طلبا کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والی نجی اکیڈیموں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
تفصیلات کےمطابق پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کےبعدجہاں کاروباری مراکز کو حکومتی ایس اوپیز کےساتھ کھولنے کی مشروط اجازت دی گئی،وہیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)نے15جولائی تک کورونا وباءعروج پرہونےکےخدشہ کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو اگست تک بند رکھنے کی سفارش کی ہے,جس کے بعد حکومت نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند رکھتے ہوئے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز کے احکامات جاری کیے تھے.

دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے آبائی ضلع ڈیرہ غازی خان میں درجنوں نجی اکیڈمیوں جن میں الحمد اکیڈمی جے بلاک،تعبیر سائنس اکیڈمی کےبلاک نزد بانی چوک کامرس کالج،روٹس اکیڈمی کےبلاک نزد کامرس کالج،میرٹ وژن اکیڈمی ماڈل ٹاؤن،گیٹس اکیڈمی کالج چوک نزد بخاری میرج ہال،گرلز اکیڈمی فرید آباد کالونی،ایکسیلینس اِن اکیڈمی ماڈل ٹاؤن،علی عمران اکیڈیمی ماڈل ٹاؤن سمیت کئی دوسرے ادارےشامل ہیں  نے حکومتی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے اندرون خانہ تعلیمی سلسلہ شروع کر دیا ہے،ان اکیڈمیوں میں حکومتی ایس او پیز کے بغیر تدریس کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے سینکڑوں طلبا کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔شہریوں نےوزیراعلیٰ پنجاب،ضلعی انتظامیہ اورڈپنی کمشنر سےحکومتی ہدایات کی خلاف ورزی اورسینکڑوں طلبا کی زندگیوں کوخطرےمیں ڈالنےوالوں کےخلاف فوری کارروائی کامطالبہ کیاہے۔
واضح رہےکہ حکومت پنجاب نےکوروناوباءکےخاتمے تک تعلیمی ادارےبندرکھنےکااعلان کرتےہوئےکہاہےکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کےخاتمے تک حکومت نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت نہیں دے گی،حکومت کی ترجیح تعلیمی ادارے کھولنے کےبجائےطلبہ اور اساتذہ کی زندگیاں ہیں،حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنےوالےتعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
قبل ازیں صوبائی وزیرتعلیم پنجاب مرادراس کاکہناتھاکہ پنجاب میں فی الحال تعلیمی کھولنےکاکوئی ارادہ نہیں ہےکیونکہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں روزبروزاضافہ ہورہا ہے،تعلیمی ادارےکھول دیےگئےتو کوروناپھیلےگا،جو ہم ہونےنہیں دیں گے ، جب تک حکومتی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا کوئی تعلیمی ادارہ نہیں کھلےگاکیونکہ ہمیں بچوں کی زندگیوں کابچاناہے،تعلیم کامعاملہ مسئلہ نہیں،200فیصدوالدین موجودہ صورتحال میں بچوں کوتعلیمی اداروں میں بھیجنےکےحق میں نہیں ہیں۔