”خد مت آپ کی دہلیز پر“ صرف پروگرام نہیں، گورننس کا منفرد ماڈل
مسلسل مشکلات کا سامنا کرنے اور سیاسی آنکھ مچولی کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اب پہلے سے کہیں زیادہ اعتماد کے ساتھ عوام کی خدمت کیلئے آگے بڑھتے نظر آرہے ہیں۔ماضی میں نظر انداز کیے گئے کم ترقی یافتہ علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب کواپنے عملی اقدامات سے احساس دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب بھر کو ایک ہی سطح پر ترقی سے ہم کنار دیکھنا چاہتی ہے۔ وزیراعلی نے زراعت، تعلیم،صحت، سیاحت کی سی این ڈ بلیو سمیت زندگی کے تمام شعبوں کی بہتری کے لئے عملی اقدامات کیے۔ اس کے علاوہ کئی میگا پراجیکٹس پر کام شروع کروایا اور یوں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو سامنے رکھ کر عوام کا اعتماد حاصل کیا۔ اب انہوں نے پنجاب بھر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک نئے نعرے کے ساتھ کمر کس لی ہے۔ یہ نیا نعرہ ہے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ اس نعرے کے تحت عوام کی خدمت کے جو شعبے تجویز کیے گئے ہیں ان میں گلیوں،سڑکوں کی صفائی، نکاسی آب اور سرکاری عمارات کی صفائی،ستھرائی شامل ہے۔ صوبے کے سب سے بڑے سرکاری افسر یعنی چیف سیکرٹری پنجاب کو براہ راست اس نئی مہم کی ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ تمام کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور مختلف شعبوں کے سربراہوں کے ذریعے عملی طور پر اس نعرے پر عملد رآمد کروائیں گے۔
اس پروگرام کے آغاز سے پہلے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے پنجاب کے چیف سیکرٹری کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوئے جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات اور اطلاعات کے سیکرٹریوں جبکہ ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں پہلے تین ہفتوں کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔ لوگوں کو ان کی دہلیز پر پبلک سروسز کی فراہمی، سرکاری مشینری کو متحرک کرنے اور لوگوں تک ان کے ثمرات پہنچانے کے لئے ”خدمت آپکی دیلیز پر“ پر کا تین ہفتوں پر مشتمل ایک جامع پروگرام تشکیل دیا ہے۔ پہلا ہفتہ صفائی کا ہوگا جس میں کوڑا کرکٹ اور گندگی وفضلہ کی نشاندہی کر کے اس کو ہٹایا جائے گا۔ اس طرح شاہراہوں کے اطراف سے ملبہ اور تعمیراتی میٹریل کو ٹھکانے لگانے کے علاوہ اس ہفتے دیوراوں سے وال چاکنگ اور درختوں و بجلی کے کھمبوں سے پہلے بینرز اورسٹیمرز اتارنے و غیر فعال سٹریٹ لائٹس کو مرمت اور تبدیل کیا جائے گا۔ دوسرا ہفتہ نکاسی آب کا ہوگا جس کے دوران سڑکوں اور میدانوں سے دلدل کی نشاندہی کر کے اس کو اٹھایا جائے گا۔ سیوریج اور پائپ لائنوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ گٹروں پر مین ہول کے ڈھکن لگائے جائیں گے اور صوبہ بھر کی تمام پبلک ٹوائلٹس کی صفائی کی جائے گی۔ تیسرا ہفتہ سرکاری عمارات کی صفائی و ستھرائی سے مشتمل ہوگا۔ سرکاری دفاتر، سکولز اور دیگر سرکاری عمارات کی وائٹ واش کی جائے گی۔ پارکس،گرین بیلٹس،راؤنڈ اباؤٹ اور چوکوں کی تزئین و آرائش، دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت اور سرکاری دفاتر کی صفائی کی جائے گی۔ اس صفائی کے پروگرام میں بنیادی کردار محکمہ تعلقات عامہ،محکمہ بلدیات، ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، پی ایچ اے، کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پروگرام کی کامیابی کے لئے تمام حکومتی مشینری متحرک انداز میں کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور محکمے پروگرام پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کرائیں، سرکاری معمولات کے علاوہ ہر ہفتے ایک تھیم کے تحت کام ہوگا۔ عوامی خدمت کے پروگرام کا مقصد لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے، لوگوں کو یقین ہو کہ حکومت ان کے کے لئے آسانیاں پیدا کررہی ہے۔ ہر ہفتے دیئے گئے ٹارگٹس پر عوام سے براہ راست فیڈبیک لیا جائے گا اور فیلڈ سرگرمیوں کی ایپ کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ پروگرام میں کارکردگی کے لحاظ سے اضلاع کی درجہ بندی کی جائے گی، اچھی کارکردگی پر انعام جبکہ ناقص کارکردگی پر باز پرس ہوگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے اور لوگوں کو اپنے گھر کا مالک بنانے کے پروگرام کی طرح اس پروگرام پر بھی فوری طور پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سارے پروگرام کا بنیادی نقطہ صفائی ہے جسے اسلام میں نصف ایمان کا درجہ دیا گیا ہے اور عملی طور پر بھی اس کا تعلق صحت اور پرسکون زندگی سے جڑا ہوا ہے۔ دنیا بھر میں ترقی کی ایک علامت وہاں کی گلیوں، سڑکوں اور عوامی مقامات کی صفائی قرار دیا جاتا ہے۔ لوگ اپنے گھروں کے اندر کے حصے کو صاف ستھرا رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں اور جب باہر کے مناظر بھی صاف ستھرے ہوں گے تو اس کا اثر براہ راست ہماری زندگی اور عمومی رویوں پر پڑے گا۔ صفائی بنیادی طور پر ایک اجتماعی عمل سے ممکن ہوتی ہے۔ جب حکومت کی طرف سے ایک تحریک کی صورت میں بھر پور مہم چلانے کا آغاز کیا گیا ہے تو یقینی طور پر عوام بھی اپنے حصے کا کردار ادا کریں اور صفائی نصف ایمان کے دینی فریضے میں حکومت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان اور عوام بھی کرونا اور اس سے جڑے معاشی مسائل،مہنگائی اور پابندیوں میں جکڑے ہوئے ہیں لیکن پاکستان میں حکمران اورباہمت قیادت نے اچھے فیصلوں سے اپنے عوام کو باقی دنیا کے مقابلے میں بہت سے مسائل سے بچا لیا ہے اور کرونا وبا کا دباؤ بھی کم ہورہا ہے اسی وجہ سے وفاقی حکومت کے ساتھ پنجاب کی حکومت نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں عوام کو اچھی زندگی کی زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی سے قصبوں، شہروں کو ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ صاف ستھرا بنانے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے۔
بزدار حکومت نے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں دینے کے لئے بڑا پروگرام لانچ کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ آفس میں ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے خدمت ایپلی کیشن کا بھی افتتاح کیا۔ چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، کمشنر لاہور ڈویژن اور سیکرٹری بلدیات نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ عوام کی خدمت کے لئے شاندار پروگرام ہے۔ اس پروگرام سے نچلی سطح پر سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں ملیں گی۔ یہ صرف پروگرام نہیں بلکہ گورننس کا منفرد ماڈل ہے جس سے صوبے کی عوام کا فائد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام ابتدائی طور پر 3 ہفتوں پر مشتمل ہوگا۔ پہلے ہفتے میں گلیوں، بازاروں اور محلوں کو صاف کیا جائے گا۔ سڑکوں کے کناروں سے تعمیراتی مٹیریل اٹھایا جائے گا۔ درختوں اور کھمبوں سے لٹکے ہوئے بینرز اور وال چاکنگ ختم کی جائے گی اور خراب سٹریٹ لائٹس کو ٹھیک کیا جائے گا۔ دوسرے ہفتے میں فراہمی و نکاسی آپ کی سہولتوں میں بہتری لانے پر توجہ دی جائے گی۔ سیوریج پائپ صاف کیے جائیں گے اور کھلے مین ہول پر ڈھکن نصب کئے جائیں گے جبکہ تیسرے ہفتے میں سرکاری دفاتر، سکولوں اور دیگر عمارتوں پر رنگ وروغن اور صفائی ہوگی۔ پارکس، گرین بیلٹس، راؤنڈ اباؤٹ اور چوکوں کی بیوٹیفکیشن پر توجہ دی جائے گی اور دیہی وبنیادی مراکز صحت کو صاف ستھرا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام میں سول سوسائٹی، مقامی افراد اور ٹائیگرفورس کو شریک کیا جائے گا۔ عوام سے براہ راست فیڈبیک لیا جائے گا اور فیڈبیک سرگرمیوں کی ایپ کے ذریعے پروگرام کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ کارکردگی کے لحاظ سے اضلاع کی درجہ بندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت ہمارانصب العین ہے۔ عوام کے مسائل کے فوری ادراک اور فوری حل کسی بھی فلاحی ریاست کا فرض ہے اور حکومت پنجاب اپنے اس فرض سے غافل نہیں۔ حکومت عوام کی خدمت کے عزم کو پورا کرنے کے لئے تمام سروسز کو عوام کی دہلیز پر لے جارہی ہے۔پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ”اے سی کارکردگی ایپ“ اور صوبائی حکومت نے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“کے نام سے ایپ تیار کر لی ہے۔ شہری ایپ پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ عوام کی شکایات کے لئے ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے۔ ڈیش بورڈ پر درج شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات سے کسی بھی ضلع یا ڈویژن کی انتظامیہ کی کارکردگی کا تعین کیا جائے گا اور اس ضمن میں شہریوں کے فیڈبیک کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پراجیکٹ کے آغاز کا مقصد عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر کو حل کرنا ہے۔
”خدمت آپ کی دہلیز سے متعلق تما سرگرمیاں پنجاب انفارمشین ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے تیارکی گئی ”ایپ“ کے ذریعے کی جائیں گی۔ ایک اور ایپ تیار کی گئی ہے جس پر شہری اپنی شکایات اپ لوڈ کریں گے۔ گندگی والے مقام کی جیوٹیکنگ کے علاوہ شہری شکایات دور ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں فیڈبیک دیں گے۔ ڈیش بورڈ تمام سرگرمیوں کو ٹریک / مانیٹر کرنے میں مدد دے گا۔ ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کو کامیاب بنانے میں محکمہ تعلقات عامہ کا کردار نمایاں ہے۔ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر اس کی بھر پور کوریج کے لئے ڈی جی پی آر ثمن رائے کی متحرک قیادت میں ایک جامع میڈیا پالیسی ولائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔صوبہ بھر کے انفارمیشن کے تمام ڈویژنل و ضلعی دفاتر کو متحرک کیا گیا ہے۔تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ فنکاروں، کھلاڑیوں اہم شخصیات، وزراء کے پیغامات کو ریکارڈ کر کے ”فیس بک“ ”ٹویٹر“ ”یوٹیوب“ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام سرگرمیوں کی کوریج کی جارہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر پرنٹ و الیکٹرانک او سوشل میڈیا پر خبروں کی تشہیر کی جارہی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ چند دنوں میں ڈی جی پی آر کی طرف سے بنایا گیا”ہیش ٹیگ“ (#خدمت_ آپ_ کی_ دہلیز_پر)ٹوئیٹر پر ٹاپ ٹرینڈبن گیا ہے اور 60لاکھ سے زائد لوگ اس کو دیکھ چکے ہیں۔اس کے علاوہ Khidmat@Dehleez موبائل ایپ کو15ہزار سے زائد لوگ ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔یقینا اس کا سہرا سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیرانور، ڈی جی پی آر ثمن رائے کے بعد ڈویژنل و ضلعی افسران اور وزراء کے پی آر اوزکو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کر کے اس پروگرام کی کامیابی کے لئے خدوخال تیار کیے ہیں۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ اجلاس کے اختتام پر دیگر محکموں کے افسران اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں مگر اس کے بعد ڈی جی پی آر کے افسران کا کام شروع ہوجاتا ہے یعنی اس کی خبر تیار کرکے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو جاری کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا کے مختلف ایپلی کیشنز پر اپ لوڈاور شہریوں کے فیڈبیک کو بھی سرکاری حکام تک پہنچانا ہے اور ڈی جی پی آر اس اہم ذمہ داری کو بخوبی سر انجام دے رہا ہے۔
اب یہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پروگرام میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں گندگی کے ڈھیر یا سیوریج کی بندش سے متعلق اپنی شکایات ایپ پر اپ لوڈ کریں۔ اس کے علاوہ اپنے علاقوں کی صفائی کو برقرار کھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے گھر کے ساتھ ساتھ اپنے گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے کی بجائے اس کو ایک ٹوکری میں ڈالیں تاکہ خاکروب آسانی سے اٹھا کر لے جائے۔ اس کے ساتھ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس مہم میں منبرومحراب کو بھی استعمال کریں۔ علماء کرام کو چاہیے کہ وہ جمعہ کے خطبات میں اسلام کی روشنی میں صفائی ستھرائی کی اہمیت کو اجاگر کریں۔حکومت کی طرف سے شروع کئے جانے والے اس پروگرام کے نتیجے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہوگی۔
٭٭٭
عوامی خدمت کے پروگرام کا مقصد لوگوں کے مسائل
ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے، لوگوں کو یقین ہو کہ
حکومت ان کے کے لئے آسانیاں پیدا کررہی ہے
اس پروگرام میں بنیادی کردار محکمہ تعلقات عامہ،
بلدیات، ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ، پبلک ہیلتھ
انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ،
پی ایچ اے، کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز ہوگا
عوام سے براہ راست فیڈبیک لیا جائے گا اور ایپ کے ذریعے پروگرام کی مانیٹرنگ کی جائے گی