آپریشن بلیو سٹار بھارت میں سکھوں کے صفایا کا باقاعدہ آغاز تھا: حریت کانفرنس
امرتسر،سرینگر(نیوزایجنسیاں) بھارت میں آپریشن بلیو سٹار کی 37ویں برسی کے موقع پر اتوار کو امرتسر کے گولڈن ٹمپل میں خالصتان کے حق میں نعروں اورجرنیل سنگھ بھندرانوالا کی تصاویر والے پلے کارڈز دیکھے گئے۔اکال تخت کی عمارت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود خالصتان کی حامی تنظیم دل خالصہ نے عمارت کی طرف مارچ کرتے ہوئے 6 جون کو ”یوم خالصتان“ کے طور پر منانے کا مطالبہ کیا۔ اداکار وگلوکار دیب سندھو کوجو لال قلعہ تشدد کیس میں اہم ملزم ہے اور ضمانت پر رہا ہیں،اتوار کو اکال تخت میں پوجا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ گردوارے کے اندر خالصتان کے حامیوں کو تلواریں لہراتے اورخالصتان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے سکھوں کے گرو جتھے دار گیانی ہرپریت سنگھ نے اپنے خطاب میں بھارتی فوج پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے سکھ کمیونٹی کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔گولڈن ٹمپل میں بھندرانوالا کے جنہیں ”شہید“ کے طورپر خراج عقیدت پیش کیاجارہا ہے، بیٹے کو اعزاز سے نوازا گیا۔ 1984ء میں آپریشن بلیو سٹار بھارتی فوج کی طرف سے سب سے بڑا اندرون ملک سیکورٹی آپریشن تھا۔سرکاری رپورٹس کے مطابق پورے آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے 83 اہلکار اور 492 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ دوسری جانب بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوج کی طرف سے امرتسر میں سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل پر چڑھائی کی 37ویں برسی پر سکھ برادری کے ساتھ یکجہتی کاا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ریاستی سرپرستی میں تشدد کا ایک بہیمانہ اقدام تھا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں 1984میں گولڈن ٹیمپل پر حملے کو ایک سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کا آپریشن بلیو سٹار بھارت میں ایک منظم طریقے سے سکھوں کے صفایا کا سرکاری سطح پر ایک باقاعدہ آغاز تھا۔انہوں نے کہا کہ گولڈن ٹیمپل پر حملے کے دوران اور اسکے بعد ہزاروں سکھوں کے قتل عام نے بھارت اور اسکے باہر سکھ برادی کے افراد کی نفسیات پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری سکھوں کے اس غم، تکلیف اور اذیت میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ انہیں بھی سات دہائیوں سے زائد عرصے سے ریاستی سرپرستی میں جاری جبر و استبداد کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم و محکوم اقوام کے اپنے حقوق اور آزادی کیلئے جدوجہد کے عزم کو فوجی طاقت کے استعمال سے ہرگز کمزور نہیں کیا جاسکتا۔
خالصتان تحریک