یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ 11 جون سے شروع ہو گی
لندن(اے پی پی)یوئیفا کے زیر اہتمام یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ 11 جون سے شروع ہو گی۔ پرتگال کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ شیڈول کے مطابق اس چیمپئن شپ کا انعقاد گزشتہ سال 12 جون سے 12 جولائی تک ہونا تھا مگر عالمی وبا کورونا کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یوئیفا کے مطابق چیمپئن شپ میں 24 یورپی ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 6 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں ترکی، اٹلی، ویلز اور سوئٹزرلینڈ، گروپ بی میں ڈنمارک، فن لینڈ، بیلجیئم اور روس، گروپ سی میں ہالینڈ، یوکرین آسٹریا اور نارتھ مقدونیہ، گروپ ڈی میں انگلینڈ، کروشیا، سکاٹ لینڈ اور جمہوریہ چیک، گروپ ای میں سپین سویڈن، پولینڈ اور سلواکیہ جبکہ گروپ ایف میں ہنگری، پرتگال، جرمنی اور فرانس شامل ہیں۔ پرتگال کی ٹیم دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اترے گی۔ چیمپئن شپ کا افتتاحی میچ 11 جون کو اٹلی اور ترکی کے درمیان اولمپک سٹیڈیم، اٹلی میں کھیلا جائے گا۔
۔ گروپ سٹیج میں ہر ٹیم تین، تین میچ کھیلے گی اور 16 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 11 جولائی کو لندن میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ چیمپئن شپ کے میچز یوئیفا کے 11 ممالک میں ہوں گی جن میں آذربائیجان، ڈنمارک، انگلینڈ، جرمنی ہنگری، اٹلی، ہالینڈ، رومانیہ روس، سکاٹ لینڈ اور سپین شامل ہیں۔