شہر میں صفائی کیلئے 3 ہزار اضافی سینٹری ورکرز تعینات 

  شہر میں صفائی کیلئے 3 ہزار اضافی سینٹری ورکرز تعینات 

  

لاہور(سٹی رپورٹر)سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رافعہ حیدر نے گزشتہ روز ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں آپریشن ٹیموں کی ری سٹرکچرنگ، صلاحیت میں اضافے اور اوقات کار میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق لاہور کی صفائی کے لئے کل سے 3 ہزار اضافی سینٹری ورکرز فیلڈ میں تعینات ہوں گے۔3ہزار اضافی سینٹری ورکرز کو تینوں شفٹوں میں ضرورت کے مطابق تعینات کیا جائے گا۔پہلی شفٹ کا آغاز صبح پانچ بجے ہو گا اور تمام ورکرز اور گاڑیاں فیلڈ میں موجود ہوں گی۔ ہر یونین کونسل میں کم از کم 30 سینٹری ورکرز تعینات کیے جائیں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ تمام سینٹری ورکرز اور گاڑیوں کو تین شفٹوں میں تقسیم کر کے فیلڈ میں بھیجا جائے گا۔پہلی شفٹ میں 80 فی صد مشینری، دوسری میں 50 فی صد اور تیسری شفٹ میں 30 فی صد گاڑیاں فیلڈ میں متحرک کی جائے گی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پرائمری کولیکشن کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ شہر سے کوڑے کے ڈھیر ختم کیے جا سکیں۔سیکنڈری کولیکشن کی گاڑیوں کی ٹرپس کو بڑھانے کے لیے مانیٹرنگ کا مزید موثر نظام بنایا جائے گا کیونکہ شہریوں کو علی الصبح صاف ستھرا شہر مہیا کرنا اولین ترجیح ہے۔

 پہلی ترجیح میں کوڑے کے ڈھیروں اور پھر خالی پلاٹوں کو کلئیر کیا جائے گا۔انکا مزید کہنا تھا کہ  شہری شکایات کے اندراج کے لیے کلین لاہور اور خدمت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں یا 1139 پر کال کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -