امت مسلمہ کو متحد ہو کر اسرائیل کا مقابلہ کرنا ہو گا،علامہ جواد نقوی
لاہور(پ ر)مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ و تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کی 32ویں برسی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کی بابصیرت شخصیت نے 1988 کے ایک خطبے میں متوجہ کیا کہ یہ صیہونی ریاست مسلمانوں کو ایک دوسرے کا دشمن بنانا چاہتی ہے۔ امام خمینی نے انقلاب کے اوائل میں مسلمان ممالک کو خاص اہمیت دی لیکن جب امام خمینی نے دیکھا کہ ان مسلمان ممالک کی حیثیت صرف ایک مزدور کی ہے تو آپ نے کہا کہ امتیں فلسطین کی آزادی کیلئے اپنا الگ راستہ اپنائیں۔
کیونکہ حکومتیں ذلت و رسوائی کے راستے پر ہیں۔ چنانچہ امام نے یہ مسئلہ حکومتوں سے لے کر امتوں کے سپرد کر دیا۔ علامہ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ امام خمینی نے شروع سے ہی مسلم اقوام کو بتا دیا تھا کہ یہ اسرائیل ایک چھوٹے سے چوہے کی مانند ہے جس نے مسلمانوں کی صفوں میں بھگدڑ مچا رکھی ہے، اگر تمام مسلم ممالک مل کر ایک بالٹی پانی بھی اسرائیل پر گرا دیں تو اسرائیل نیست و نابود ہوجائے گا۔