کورونا رسک الاؤنس نہ ملنے پر پیرا میڈکس، ہیلتھ سپورٹ سٹاف میں تشویش
لاہور(سٹی رپورٹر)کورونا وباء کے دوران ڈیوٹی دینے پر رسک الاؤنس نہ ملنے پر پیرا میڈکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف میں تشویش،وزیراعلیٰ،صوبائی وزیر صحت، فنانس سیکرٹری سمیت سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن حکام سے رسک الاؤنس جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ترجمان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز چودھری شعیب انور کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کورونا وباء کے آغاز پر طبی عملے کو رسک الاؤنس دینے کا اعلان کیا تھا جس پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ تاہم ڈاکٹرز اور نرسز کو تو رسک الاؤنس مل گیا اور دیا بھی جا رہا ہے جبکہ جان جوکھوں پر ڈال کر کورونا وارڈز اور کورونا مریضوں پر ڈیوٹی کرنے والے پیرا میڈکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف کو وزیر اعلیٰ کے احکامات کے باوجود ابھی تا رسک الاؤنس سے محروم ہیں۔پیرا میڈکس اورہیلتھ سپورٹ سٹاف کا مطالبہ ہے کہ جن لوگوں نے کورونا وارڈز میں ڈیوٹیاں سرانجام دی ہیں ان کو یکساں بنیادوں پر ڈاکٹرز اور نرسز کی طرح رسک الاؤنس دیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف میں پائی جانے والی بے چینی اورتشویش ختم ہوسکے۔