مانسہرہ، مسافر وین دریا میں گرنے سے 8افراد جاں بحق، 3بچوں سمیت 6زخمی
مانسہرہ (نیوزایجنسیاں) مانسہرہ کے علاقے لساں نواب روڈ گوجرہ پل کے قریب ایک تیز رفتار مسافر وین(ہائی روف)دریائے سرن ندی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق، 3بچے اور6افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے میں 2 خواتین اور ایک بچے سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ3 بچے شدید زخمی ہوئے ہیں، زخمی بچوں کو پھلڑہ اور نعشوں کو گنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مرنیوالوں میں ڈرائیور وزیر محمد، اعجازِ، پرویز، فریدہ بی اور نگینہ بی بی شامل ہیں، تاہم ایک بچے کی شناخت نہیں ہوسکی۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع مانسہرہ میں گاڑی دریائے سرن میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے میں زخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مانسہرہ حادثہ