حکومت مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگا کر نا اہلی نہیں چھپا سکتی: بلاول 

حکومت مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگا کر نا اہلی نہیں چھپا سکتی: بلاول 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
  اسلام آباد( سٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگا کر اپنی نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتی، عمران خان کی حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے قوم کی خودداری کو دا ؤپر لگادیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر بھارت کورونا وائرس کی وبا کے دوران مہنگائی کو 4.29 فیصد اور بنگلہ دیش 5.54 فیصد تک قابو کرسکتا ہے تو پاکستان میں یہ شرح 10.9 فیصد کیوں ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سرپرستی میں کام کرنے والی مافیا نے صرف تین ماہ میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں 110 فیصد تک بڑھائیں، مرغی کے گوشت کی قیمتیں بڑھا کر پی ٹی آئی اشرافیہ نے اربوں روپے کمالئے اور اب افسوس ناک طور پر قیمتیں کم کرکے اس کا کریڈٹ بھی لیا جائے گا، عوام کی جیبوں میں پیسہ نہیں اور عمران خان بجٹ میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو اربوں روپوں سے نوازنے کا منصوبہ بنارہے ہیں، بدترین اقتصادی بحران میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو بجٹ میں 96 ارب روپوں سے نوازنے کا عمران خان کا منصوبہ عوام دشمن ہے، وزیراعظم دھاندلی سے منتخب ہونے والے اپنے اراکین اسمبلی پر اربوں روپے لٹانے کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر خزانے کی رقم خرچ کریں، چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ 11ویں اقتصادی منصوبہ بندی کے اختتام کے بعد سے عمران خان کی حکومت اب تک اپنا پانچ سالہ اقتصادی منصوبہ سامنے نہیں لاسکی ہے، آئی ایم ایف کی ہدایات پر اگر اقتصادی منصوبہ بندی پی ٹی آئی کی پالیسی ہے تو عمران خان عوام کو صاف صاف بتادیں کہ وہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے اقتدار میں آئے۔بلاول بھٹو زرداری سے پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی اور سابق وزیر پنجاب اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر رانا اکرام ربانی نے اپنے صاحبزادے کے ہمراہ زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کی کاوشوں کو سراہا اور حسن مرتضی کو مزید محنت اور عام آدمی کی آواز پارلیمنٹ تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
بلاول

مزید :

صفحہ اول -