عمران خان کے ہوتے کوئی ملکی اڈے امریکہ کو دینے کا تصور بھی نہ کرے: اسدقیصر

  عمران خان کے ہوتے کوئی ملکی اڈے امریکہ کو دینے کا تصور بھی نہ کرے: اسدقیصر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سیاست ہوتی رہے گی اس وقت قومی مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے،ایوان کومثبت انداز میں چلانے کی کوشش کرتاہوں،کورونا کی صورت حال اور ملکی معیشت سمیت تمام مسائل پر اظہار خیال ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ لاہورپر آئے وفد کے ہمراہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔میڈیا سے گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کواڈے دینے کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوااورعمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی تصور بھی نہ کرے کہ پاکستان کے اڈے امریکہ کو دیں گے،ملک کو سب سے زیادہ پانی کی کمی کے مسئلے کا سامنا ہے،اپوزیشن سے درخواست کرتا ہوں پانی سمیت تمام مسائل پر بات چیت او ران کے حل کیلئے پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم کو استعمال کیا جائے۔ملک کو سب سے زیادہ پانی کا مسئلہ درپیش ہے آئیے پارلیمنٹ میں مسئلے کو حل کریں، پانی کے مسئلہ پر صوبوں میں تنازعات ہیں،گلوبل وارمنگ پر بحث ہونی چاہیے، اس وقت معیشت پر بات کریں جس ایشو پر چاہتے ہیں مل بیٹھ کر بات کریں، اپوزیشن آئے فوڈ سکیورٹی اور کرونا وباء پر کھل کر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار کشمیر پر تین قراردادیں متفقہ طورپر آئیں اور پاس کیں، فلسطین پر متفقہ قرارداد پاس کروائی اس پر سیاست نہیں ہوئی۔  بعدازاں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر لاہور میں مزاراقبال ؒ پر حاضری کے بعدبادشاہی مسجد گئے جہاں انہوں نے چیئر مین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمدعبد الخبیر آزاد خطیب و امام بادشاہی مسجد سے ملاقات کی اور تبادلہ خیالات کیا۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مولانا سید عبد الخبیر آزاد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک پاکستان کو اس وقت اتحاد وحدت اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔علماء کرام و مشائخ عظام اتحاد ویکجہتی کو مضبوط بنائیں اور فروغ دیں۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی امامت میں نماز ظہر ادا کی اورپاکستان کی سلامتی ترقی و خوشحالی امن و استحکام کیلئے دعا ء کی۔ 
اسد قیصر

مزید :

صفحہ اول -