قوم جانتی ہے اپوزیشن والے پائیدار معاشی ترقی پر کیوں واویلا کر رہے ہیں: عثما ن بزدار

      قوم جانتی ہے اپوزیشن والے پائیدار معاشی ترقی پر کیوں واویلا کر رہے ...

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن والے پائیدار معاشی ترقی پر کیوں واویلا کررہے ہیں۔ جب معیشت ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث سست روی کا شکار تھی تب اس ٹولے کی زبانوں پرتالے لگے ہوئے تھے اور اب جب ملک ترقی کے لئے ٹیک آف کرچکا ہے او رمعیشت بہتری کی طرف گامزن ہے تو یہ ٹولہ بھانت بھانت کی بولیاں بول رہاہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سابق دور کی غلطیوں کو درست کیاگیاہے او ر معیشت اپنے ٹریک پر آئی ہے۔ معاشی ترقی کے ثمرات سے عوام کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا ترقی کے سفر کو روکناہے او رہمارا دشمن بھی یہی چاہتاہے۔ اپوزیشن عناصرترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال کر دشمن کے ایجنڈے کوپورا کرناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی کارکردگی پر اپوزیشن کی سیاست چمکانے کی کوشش بری طرح ناکام رہی ہے۔ ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اڑھائی برس کے دوران اپوزیشن کی ہرسازش ناکام رہی ہے اور حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان2023 تک پورے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست کی جا رہی ہے۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے۔ سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی۔تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے۔ سازشی عناصر پہلے اپنے دور کی لوٹ مار کا حساب دیں۔ ملک کو کنگال کرنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکی ہے۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی سیاسی تاریخ کی شفاف ترین حکومت عوامی خدمت میں ہمہ وقت مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اور قوم کو ماضی کی لوٹ مار کا دور نہیں بھولا۔ اپوزیشن کی صفوں میں انتشار پھیل چکا ہے۔ الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانو ں میں جھانکیں۔ مسترد شدہ عناصر محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملاً اقدامات کئے۔وزیراعظم عمران خان کی صورت میں پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ہے اور اڑھائی برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -