ملکی سلامتی کیلئے ایجنٹ حکومت کا خاتمہ لازمی: فضل الرحمن
سکھر(آن لائن) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کی بقاء سلامتی، خود مختاری کے تحفظ کیلئے موجودہ ناجائز نااہل اور ایجنٹ حکومت کا خاتمہ لازمی ہے۔ عمران حکومت کی تین سالہ کارکردگی ناکامیوں اور نامرادیوں کی داستان ہے حکومت ہر محاز پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے، تین سالوں میں ایک طرف ملکی معیشت تباہ ہوئی تو دوسری جانب بد ترین مہنگائی، بے تحاشہ بے روزگاری نے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں، آج ناکام خارجہ پالیسی کی بدولت ملک دنیا میں تنہا ہو چکا ہے کرتارپو ر کھولنے اور کشمیر کا سودا کرنے کے باوجود انڈیا پاکستان کے خلاف سازش کر رہا ہے، افغانستان میں حکومت کا ہم پر اعتماد ہے نا طالبان کا، دوست ملک ہم سے دور ہوتے جا رہے ہیں سمجھ میں نہیں آتا ناکام نااہل وزیر اعظم پاکستان کو کدھر لیکر جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبدالحق مہر سے ملاقات کے دوران کیا مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کے جاری کردہ بیان کے مطابق قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے بار بار اپنے وزیروں، مشیروں اور ترجمانوں کو تبدیل کرنا ان کی حواس باختگی اور پریشانی کا مظہر ہے مگر اس طرح وہ اپنی نااہلی اور ناکامی کو چھپا نہیں سکتے عمران خان امت مسلمہ کیساتھ نہیں بلکہ مغرب کیساتھ کھڑے ہیں، کشمیر، فلسطین اور افغانستان کو امریکہ اور مغرب کے مفادات کے بھینٹ چڑھا دیا ہے، ملک قرضوں کے سہارے اور حکومت چھڑی کے سہارے چلائی جا رہی ہے، ہم آج بھی اپنے موقف پر قائم ہیں کہ موجودہ حکومت سراسر ناجائز ہے اور اسکا ساتھ دینا بھی ناجائز ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے پی پی پی کی پی ڈی ایم میں واپسی کی بات کی ہے پی پی کے دوست کس کو خوش کرنے کیلئے ہمارے خلاف پی ٹی آئی کی زبان بول رہے ہیں، پی ڈی ایم سے پی پی کی علیحدگی سے حکمرانوں کو عارضی ریلیف ملا ہے مگر ان کو زیادہ خوش نہیں ہونا چاہئے ہم نے نئے حالات میں نئے اور طوفانی انداز سے حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکمرانوں کو سندھ کے لوگوں کی شکایت کا ازالہ کرنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمن