ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 512491افراد کیخلاف کارروائی 

  ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 512491افراد کیخلاف کارروائی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 پشاور (کرائمز رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران  ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 512491 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ چیف کیپٹل پولیس عباس احسن کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے پر20517‘ ہیلمٹ نہ پہننے پر 140019‘ ون ویلنگ پر 209‘ کالے شیشوں کے استعمال پر4122‘ غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل چلانے پر1382‘ اوور لوڈنگ پر 4182‘ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی پر 52858‘ تجاوزات قائم کرنے پر 2982, بغیر روڈ پرمٹ کے گاڑی چلانے پر 4381‘ دوران سفر موبائل استعمال کرنے پر 1907‘ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 100309, لین ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر 41363 اور دوسری گاڑیوں کو راستے کا حق نہ دینے پر 80373 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے ہیلمٹ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حکام ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہر بھر کے تمام سیکٹروں میں تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائیں اور پلازوں میں پارکنگ یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک نظام بلا تعطل رواں دواں ہو۔