میانمار، سرچ آپریشن کے دوران فوج اور دیہاتیوں میں جھڑپ، 20کسان ہلاک 

میانمار، سرچ آپریشن کے دوران فوج اور دیہاتیوں میں جھڑپ، 20کسان ہلاک 

  

 ینگون(آئی این پی) میانمار کے ایک گاؤں میں سرچ آپریشن کے دوران فوجی اہلکاروں اور دیہاتیوں کے درمیان جھڑپ میں 20افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، ہلاک ہونیوالوں میں اکثریت کسانوں کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کے ڈیلٹا ریجن کے ایک گاؤں میں اسلحے کی تلاش کیلئے فوج نے آپریشن کیا جس کے دوران سخت مزاحمت کا سامنا رہا۔ سرچ آپریشن کے دوران دیہاتیوں نے بھی فوج پر فصل کاٹنے والے تیز دھار آلات سے حملہ کردیا۔فوجی قیادت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جھڑپ میں 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے تاہم معزول حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ20 کسان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔آزاد ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ گاؤں کے ہسپتال میں 15سے زائد لاشیں لائی گئی ہیں جبکہ درجن سے زائد زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک ہے۔ کسان رہنماؤں نے کہا کہ سرچ آپریشن کے بہانے کسانوں کی نسل کشی کی گئی۔واضح رہے کہ میانمار میں رواں سال فروری کو فوج نے حکمراں آنگ سان سوچی کو گرفتار کرکے ملکی اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا اور ایک سال کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی تھی جس کے بعد سے ملٹری قیادت کو عوامی سطح پر مزاحمت کا سامنا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -