عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کرنا پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے: گورنر سندھ 

عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کرنا پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے: گورنر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (UNEP) کے اشتراک سے عالمی یوم ماحولیات 2021 ء کی میزبانی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز اور موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کرنے میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے۔ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں عالمی یوم ماحولیات کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس پروگرام کا اہتمام ’کلین اینڈ گرین کراچی‘ (CGK) کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ فرح رحمان CGK کی کوآرڈینیٹر ہیں۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں شہری جنگلات کے حوالہ سے شجر کاری مہم کے تحت ایک ایکڑ پر پھیلے ہوئے 30 مختلف درخت پہلے ہی لگائے جاچکے ہیں جن میں سے 12 درخت پھلوں کے اور 18 دیگر اقسام کے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہری جنگلات کا کام وزیر اعظم کے”10 بلین درختوں کے سونامی پروگرام“کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔عمران اسماعیل نے کہا کہ صوبہ میں مینگروز کے پودے کثیر تعداد میں لگائے جارہے ہیں کیونکہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح نظریہ اور خواب ہے کہ وہ کراچی کو گرین سٹی میں تبدیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف صحت مند ماحولیاتی نظام کے ذریعہ ہی ہم لوگوں کی خوشیوں میں اضافہ کرسکتے ہیں، آب و ہوا کی تبدیلیوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اولیو آئل پلانٹیشن کے تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد پودے لگا چکے ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستانی اولیو آئل سب سے بہترین ہے اور اس کی دنیا بھر میں زبر دست مانگ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگ اس شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اس ملک میں سب سے زیادہ نقصان ٹمبر مافیا نے پہنچایا ہے خیبر پختونخواہ اور پنجاب حکومت نے اس ٹمبر مافیا کے خلاف زبر دست ایکشن لیا۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ صوبہ سندھ میں پورے پاکستان کی طرح پلانٹیشن ہو سکے اور اس ضمن میں صوبائی حکومت سے درخواست کروں گا کہ وہ اس جانب خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں موسمیاتی اثرات درخت نہ ہونے کی وجہ سے ہیں ہمارے بچپن میں چونکہ ہر طرف ہریالی ہوتی تھی ا س وقت مختلف قسم کے پرند ہوتے تھے آج ہمارے بچے بلبل اور کوئل میں فرق نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ انہوں نے ان پرندوں کو دیکھا ہی نہیں ہمیں اپنے وطن کو زیادہ سے زیادہ گرین کرنا ہے اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان نے 10ارب درخت لگانے کا ہدف رکھا ہے۔تقریب سے خطاب میں CGK کی فرح رحمان نے کہا کہ اس دن کا جشن منانے سے ہمیں موقع مل جاتا ہے کہ ماحولیات کے تحفظ اور فروغ میں حکومت، افراد اور برادریوں کے ذریعہ روشن خیال رائے دہندگی اور ذمہ دارانہ طرز عمل کی بنیاد کو وسیع کیا جاسکے۔تقریب میں گورنرسندھ عمران اسماعیل اور بیگم گورنرسندھ نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر پودا بھی لگایا۔

مزید :

صفحہ اول -