پی کے 92میں ترقیاتی منصوبوں کی مثا ل نہیں ملتی: ڈاکٹر ہشام
پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر سماجی بہبود ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے۔92 لکی مروت میں گزشتہ تین سالوں میں جتنے ترقیاتی منصوبے منظور ہوئے انکی مثال ماضی میں نہیں ملتی، دو ارب، تیس کروڑ کا میل نرسنگ کالج اور پیرامیڈیکس کالج بھی انکی کوششوں سے منظور ہوئے ہیں اور ان منصوبوں کو برلب انڈس ہائی وے ٹی ایم اے کمپلیکس، ریسکیو1122، میڈیکل و ڈینٹل کالجز و دیگر سرکاری دفاتر کے ساتھ تین سو کینال اراضی پر ایک محفوظ اور بہترین جگہ پر بنایا جارہا ہے جو پاکستان نرسنگ کونسل کی طرف سے مقرر کردہ معیار کے عین مطابق ہے، انشاء اللہ مذکورہ منصوبوں سے نہ صرف علاقے میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیادور شروع ہوجائیگا بلکہ امن وامان کے قیام میں بھی بہتری آئیگی۔ عوام باشعور ہیں اور نام نہاد مخالیفین عوام کو فضول بحثوں، مفروضوں اور جھوٹے وعدوں پر کھبی گمراہ نہیں کرسکتے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال و ضلع ٹاؤن شپ انکے خاندانی مشران نے سابقہ ادوار میں منظور کروائی لیکن نام نہاد سیاسی مخالیفین نے ہمیشہ سازشیں کرکے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو غیرآباد کرنے و ناکام بنانے میں رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔ مخالفین ہمارے منظور کردہ ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکانے کی بجائے ضلع سے پسماندگی کو دور کرنے اور عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے کچھ کریں تو بہتر ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور عمائدین لکی مروت کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفود نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے علاقوں کے اجتماعی مسائل سے بھی آگاہ کرتے ہوئے میل نرسنگ و پیرا میڈیکل کالجز، ٹراماسنٹر سمیت رابطہ سڑکوں، آبنوشی، آبپاشی و دیگر ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دینے پر صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کو خراج تحسین پیش کیا اور فنڈز فراہمی پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا انشاء اللہ آئندہ بجٹ ضلع لکی مروت کے پسماندہ عوام کی ترقی و خوشحالی کی نوید لیکر آئے گا۔ ضلع کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، خراب و کھنڈرات رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سمال ڈیمز کی تعمیر اور ضلع لکی مروت کو ترقیافتہ اضلاع کی صف میں شامل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ حلقہ پی کے۔92 کے عوام نے انہیں اپنی مشکلات اور مسائل حل کرنے کے لیئے منتخب کیا ہے اور انشاء اللہ اپنی عوام کو کبھی مایوس نہیں کرونگا۔